QR CodeQR Code

پیپلز پارٹی کے مراد علی شاہ 88 ووٹ لے کر وزیراعلیٰ سندھ منتخب، خرم شیر زمان 3 ووٹ حاصل کر سکے

29 Jul 2016 18:16

اسلام ٹائمز: سندھ کی وزارت اعلیٰ کے انتخاب کے لیے مجموعی طور پر 91 ووٹ ڈالے گئے جس میں سے پیپلز پارٹی کے امیدوار مراد علی شاہ 88 ووٹ لے کر نئے قائد ایوان منتخب ہوگئے جب کہ تحریک انصاف کے امیدوار خرم شیر زمان نے صرف 3 ووٹ حاصل کئے۔


اسلام ٹائمز۔ پیپلز پارٹی کے مراد علی شاہ بھاری اکثریت سے نئے قائد ایوان منتخب ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق سندھ اسمبلی کا اجلاس اسپیکر آغا سراج درانی کی زیرصدارت جاری ہے جس میں قائد ایوان کے انتخاب کے لئے ووٹنگ ہوئی۔ وزیراعلی کی مسند پر فائز ہونے کے لئے پیپلز پارٹی کی جانب سے مراد علی شاہ اور تحریک انصاف کے خرم شیرزمان کے درمیان مقابلہ تھا۔ ووٹنگ کے دوران اپوزیشن جماعت متحدہ قومی وومنٹ اور مسلم لیگ فنکشنل کے اراکین نے وزیراعلی کے چناؤ کے لئے کی جانے والی ووٹنگ کا بائیکاٹ کیا اور ایوان سے باہر چلے گئے۔ وزارت اعلیٰ کےانتخاب کے لیے مجموعی طور پر 91 ووٹ ڈالے گئے جس میں سے پیپلز پارٹی کے امیدوار مراد علی شاہ 88 ووٹ لے کر نئے قائد ایوان منتخب ہوگئے جب کہ تحریک انصاف کے امیدوار خرم شیر زمان نے صرف 3 ووٹ حاصل کئے۔ نئے قائد ایوان منتخب ہونے پر اسپیکر اور اراکین نے مراد علی شاہ کو مبارکباد پیش کی جب کہ اس موقع پر پیپلز پارٹی کے اراکین نے سابق وزیراعلیٰ کو خراج تحسین پیش کیا۔

نومنتخب وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ 1937 میں سندھ کی ممبئی سے علیحدگی کے بعد سندھ کے 32 ویں اور 1947 میں قیام پاکستان کے بعد سندھ کے 27 ویں وزیراعلیٰ ہیں جو آج ہی اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے اور گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان ان سے حلف لیں گے۔ مراد علی شاہ کے والد سید عبداللہ شاہ بھی سندھ کے وزیراعلیٰ رہ چکے ہیں۔ واضح رہے کہ پیپلز پارٹی نے 26 جولائی کو مراد علی شاہ کو نیا وزیراعلی نامزد کیا تھا جس کے بعد 27 جولائی کو سید قائم علی شاہ نے وزارت اعلی کے عہدے سے استعفیٰ گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد کو پیش کردیا تھا۔


خبر کا کوڈ: 556269

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/556269/پیپلز-پارٹی-کے-مراد-علی-شاہ-88-ووٹ-لے-کر-وزیراعلی-سندھ-منتخب-خرم-شیر-زمان-3-حاصل-سکے

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org