0
Friday 29 Jul 2016 20:17

ایدھی انقلابی تھے جنہوں نے انقلاب کا آغاز اپنی ذات سے کیا، میاں محمودالرشید

ایدھی انقلابی تھے جنہوں نے انقلاب کا آغاز اپنی ذات سے کیا، میاں محمودالرشید
اسلام ٹائمز۔ لاہور پریس کلب کی سیمینار کمیٹی نے بابائے خدمت عبدالستار ایدھی کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے سیمینار کا انعقاد کیا جس میں سینئر صحافیوں اور سول سوسائٹی سمیت نمایاں افراد نے شرکت کی۔ سیمینار کی صدارت پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید نے کی جبکہ صدر پریس کلب محمد شہباز میاں، نائب صدر عبدالمجید ساجد، اخوت کے ڈائریکٹر ڈاکٹر امجد ثاقب، پیپلز پارٹی کے رہنما بیرسٹر عامر حسین، ایم پی اے سعدیہ سہیل، الخدمت پاکستان کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر مشتاق مانگٹ، رواداری تحریک کے سیمسن سلامت اور دی نیشن کے ایڈیٹر کوارڈینیشن امانویل سرفراز نے خطاب کیا۔ نقابت کے فرائض ضمیر آفاقی نے سر انجام دیئے۔ اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید نے کہا ہے کہ عبدالستار ایدھی نے اپنی زندگی انسانیت کی خدمت کیلئے وقف کی، پوری قوم نے جس طرح ان کو خراج عقیدت پیش کیا اس کی مثال نہیں ملتی، جب تک نظام نہیں بدلے گا مظلوم اور بے بس غرباء کا کوئی پرسان حال نہیں ہو گا۔ لاہور پریس کلب کے صدر شہباز میاں نے کہا دنیا کے تمام مہذب قوموں نے عبدالستار ایدھی کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا ہے، ایدھی نے جو کام کیے وہ ریاست کی ذمہ داری تھی، وہ اپنے دور کے انقلابی تھے جنہوں نے انقلاب کا آغاز اپنی ذات سے کیا ،آج ہر سرمایہ دار چند لوگوں کو خیرات دے کر ایدھی بننے کی کوشش کر رہا ہے لیکن ایسے ایدھی نہیں بنا جا سکتا، کسی بھی نظام کی تبدیلی کیلئے ریاست کا اہم رول ہوتا ہے، جب تک ایدھی زندہ تھے کسی نے حکومتی سطح پر ان کیلئے نوبل انعام کا مطالبہ نہیں کیا یہاں کچھ سیاستدانوں نے نوبل انعام حاصل کرنے کیلئے پوری دنیا کے چکر کاٹے لیکن ناکام رہے۔ مقررین نے کہا کہ اگر ہم عبدالستار ایدھی کا طریقہ اپنائیں تو ہماری آپس کی دوریاں ختم ہو جائیں گی، انسانیت کی خدمت سے بڑھ کر کوئی خدمت نہیں ہے، ہمیں طبقاتی نظام کو ختم کرنا چاہیے جب تک اس کا خاتمہ نہیں ہو گا ہمارے مسائل کبھی ختم نہیں ہونگے، ایدھی نے بلاتفریق خدمت کی اور یہی وہ ورثہ ہے جو ایدھی صاحب نے ہمارے لئے چھوڑا ہے۔
خبر کا کوڈ : 556314
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش