QR CodeQR Code

عالم اسلام تاریخ کے انتہائی حساس اور اہم موڑ سے گزر رہا ہے، آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای

21 Feb 2011 14:28

اسلام ٹائمز: قائد انقلاب اسلامی ایران نے تاکید کی ہے کہ آج دینی رہنماوں کا اہم ترین وظیفہ حساس تاریخی موقعیت کو درک کرتے ہوئے لوگوں کے ایمان کی تقویت، اتحاد اسلامی، امریکہ سے مرعوب نہ ہونا اور خدا کی مدد سے امیدوار ہونا ہے۔


اسلام ٹائمز: اسلامی جمہوریہ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے کہا ہے کہ آج اسلامی دنیا تاریخ کے انتہائی اہم اور حساس دور سے گزر رہی ہے۔ انہوں نے یہ بات اتوار 20 فروری کو تہران می منعقدہ چوبیسویں بین الاقوامی وحدت اسلامی کانفرنس کے شرکاء سے ملاقات کرتے ہوئے کہی۔
آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے عالم اسلام کی موجودہ صورتحال کی اہمیت کے بارے میں کہا: "تاریخ میں موجودہ دور کی اہمیت کی وجہ یہ ہے کہ اگر ہم اس دور کو صحیح طور پر سمجھیں اور اسے درست سمت میں ہدایت کریں تو عالم اسلام کی مشکلات حل ہو سکتی ہیں۔ لیکن اگر ہم تاریخ کے اس حساس مرحلے سے درست استفادہ نہ کر پائے تو یقینا اسلامی دنیا کیلئے نئی مشکلات کھڑی ہو سکتی ہیں"۔
قائد انقلاب اسلامی ایران نے کروڑوں مسلمان عوام کی سیاسی میدان میں موجودگی کو سراہتے ہوئے اسے مذہبی جوش و جذبے اور ایمان کا شاخصہ قرار دیا اور کہا کہ اسلام دشمن عناصر کوشش کر رہے ہیں کہ مصر، تیونس اور دیگر مسلم ممالک میں اٹھنے والی عوامی تحریکوں کو غیر اسلامی ظاہر کریں جبکہ یہ تحریکیں بغیر کسی شک و شبہ کے مکمل طور پر اسلامی ہیں اور انکو مزید تقویت کرنا چاہئے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے سپریم لیڈر نے امریکہ کو عالم اسلام کو درپیش تمام مسائل کا حقیقی سبب قرار دیتے ہوئے تاکید کی: "ہمیں چاہئے کہ ہم اس مصیبت کو اسلامی دنیا سے دور کریں اور امریکہ کو کمزور کرنے کی کوشش کریں جسکا واحد راستہ خداوند سے امید وابستہ کرنا اور اسکے وعدوں پر یقین کرنا ہے"۔
آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے کہا کہ عالم اسلام کے موجودہ حالات پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے زمانے میں جنگ خندق والی صورتحال جیسے ہیں۔ اس دور میں بھی کچھ مسلمان ایسے تھے جو دشمن کی طاقت سے مرعوب ہو کر خوف اور وحشت کا شکار ہو گئے تھے جبکہ کچھ مسلمان خدا کی مدد کی نسبت امیدواری کے ساتھ کفار کے مقابلے میں ڈٹ گئے۔ قائد انقلاب اسلامی ایران نے کہا کہ آج بھی مسلمانوں میں کچھ ایسے افراد موجود ہیں جو امریکہ کی فوجی، سفارتی، اقتصادی اور پروپیگنڈہ مشینری کی طاقت سے مرعوب ہو کر کہتے ہیں کہ امریکہ کا مقابلہ نہیں کیا جا سکتا جبکہ حقیقت یہ ہے کہ خداوند عالم کی جانب سے نصرت کا وعدہ حق ہے جو یقینا پورا ہو کر رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ گذشتہ سالوں کی نسبت انتہائی کمزور ہو چکا ہے۔
ولی امر مسلمین جہان آیت اللہ سید علی خامنہ ای نے گذشتہ تیس برس میں اسلامی جمہوریہ ایران کی علمی، فوجی، سیاسی اور اقتصادی میدانوں میں بے مثال ترقی کا اصلی سبب مدد کے الہی وعدے پر یقین اور بھروسہ کرنے میں پوشیدہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی کامیابیاں تمام امت مسلمہ کی کامیابیاں ہیں۔


خبر کا کوڈ: 55632

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/55632/عالم-اسلام-تاریخ-کے-انتہائی-حساس-اور-اہم-موڑ-سے-گزر-رہا-ہے-آیت-اللہ-العظمی-سید-علی-خامنہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org