QR CodeQR Code

ریمنڈ ڈیوس سی آئی اے کا ایجنٹ ہے، لاہور واقعہ کے وقت وہ کسی ماموریت پر جا رہا تھا،برطانوی اخبار کا دعویٰ

22 Feb 2011 00:31

اسلام ٹائمز: ریمنڈ کی مدد کو پہنچنے والا ڈرائیور اور اسکا ساتھی بھی امریکی خفیہ ایجنسی کے ایجنٹس تھے جو امریکہ پہنچ چکے ہیں، اوباما انتظامیہ نے ان سے پوچھ گچھ کرنے بارے پاکستانی درخواست رد کر دی


لندن،لاہور:اسلام ٹائمز۔ برطانوی اخبار” گارڈین “نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان میں گرفتار امریکی باشندہ ریمنڈ ڈیوس سی آئی اے کا ایجنٹ ہے اور لاہور میں اس کے ہاتھوں دو پاکستانی شہریوں کے قتل کا واقعہ اس وقت پیش آیا جب وہ اپنی کسی ماموریت پر جا رہا تھا۔ اخبار کی رپورٹ کے مطابق پاکستانی حکومت ریمنڈ ڈیوس کی اس قانونی حیثیت سے واقف ہے، تاہم وہ امریکہ کے شدید دباﺅ کی وجہ سے اب تک خاموش ہے۔ رپورٹ کے مطابق لاہور واقعہ کے وقت ریمنڈ ڈیوس کی مدد کو پہنچنے والا ڈرائیور اور اس کا ساتھی بھی سی آئی اے کے ایجنٹس تھے جو کہ امریکہ پہنچ چکے ہیں جبکہ امریکی انتظامیہ نے ان سے پوچھ گچھ کرنے کی پاکستانی درخواست مسترد کر دی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بعض اطلاعات ایسی بھی ہیں کہ ریمنڈ ڈیوس کے ہاتھوں مارے جانے والے فیضان اور فہیم پاکستانی انٹیلی جنس کے اہلکار تھے، تاہم آئی ایس آئی کے اعلیٰ عہدیدار نے اس کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ریمنڈ ڈیوس کے ہاتھوں قتل ہونے والے نوجوانوں کا آئی ایس آئی سے کوئی تعلق نہیں تھا۔ عہدیدار  نے اعتراف کیا کہ آئی ایس آئی کے امریکی سی آئی اے کے ساتھ تعلقات کشیدہ ہیں۔ عہدیدار نے کہا کہ پاکستان کے ایک خودمختار ملک ہے اور اگر سی آئی اے ہمارے ساتھ کام کرنا چاہتی ہے تو اسے برابری کی سطح اور اعتماد پر مبنی تعلقات قائم کرنا ہوں گے۔ ادھر وزیر قانون پنجاب رانا ثناءاللہ کے مطابق ریمنڈ ڈیوس سفارتکار کے طور پر کام نہیں کر رہا تھا بلکہ وہ خفیہ اور مشکوک سرگرمیوں میں ملوث تھا۔


خبر کا کوڈ: 55681

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/55681/ریمنڈ-ڈیوس-سی-آئی-اے-کا-ایجنٹ-ہے-لاہور-واقعہ-کے-وقت-وہ-کسی-ماموریت-پر-جا-رہا-تھا-برطانوی-اخبار-دعوی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org