0
Monday 1 Aug 2016 12:56

وزیراعلیٰ مراد علی شاہ دبئی سے واپسی پر ناراض ارکان کو کابینہ میں شامل کرینگے

وزیراعلیٰ مراد علی شاہ دبئی سے واپسی پر ناراض ارکان کو کابینہ میں شامل کرینگے
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ دبئی سے واپسی پر صوبائی کابینہ میں دوسرے مرحلے میں شامل ہونے والے رہنماؤں اور اراکین سندھ اسمبلی کے ناموں کو حتمی شکل دینگے، جو اسی ہفتے کسی بھی دن حلف اٹھا سکتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق اپنی کابینہ کو حتمی شکل دینے میں وزیراعلیٰ سندھ کو خاص طور پر پارٹی کے چند بااثر اور سینئر رہنماؤں کی جانب مشکلات کا سامنا تھا، اور اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے انھیں آصف علی زرداری کی مدد درکار تھی۔

ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کے ناراض رہنماؤں میں سابقہ صوبائی وزرا منظور وسان، میر ہزار خان بجارانی، علی نواز مہر، ڈاکٹر قیوم سومرو اور دیگر شامل ہیں، ان میں منظور وسان سمیت بعض رہنماؤں کو کابینہ کے پہلے مرحلے میں شامل نہ کرنے کی وجہ ان کی فرمائش تھی کہ انھیں سید قائم علی شاہ کی کابینہ میں حاصل وزارتیں یا قلمدان پھر سے دیئے جائیں، جبکہ وزیراعلیٰ سندھ اور پیپلز پارٹی کی قیادت اس مرتبہ کئی لوگوں کے قلمدان تبدیل کرنا چاہتے تھے۔

گھوٹکی کے مہر برادران اس بنا پر ناراض ہیں کہ انھیں ایک وزارت لینے کیلئے کہا گیا، جبکہ ان کا مطالبہ تھا کہ انھیں کم از کم 2 وزارتیں دی جائیں۔ ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے وزارت اعلیٰ کی ذمہ داری قبول کرتے وقت خود بھی پارٹی قیادت سے گزارش کی تھی کہ انھیں اپنی مرضی سے کابینہ بنانے کا موقع دیا جائے، جس میں شامل وزیروں کو ایسی وزارتیں دی جائیں، جن کی کارکردگی متعلقہ محکموں میں اچھی رہی ہو یا جن کا تعلق متعلقہ شعبوں سے ہو، تاکہ وہ اپنے اپنے محکموں میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرسکیں۔
خبر کا کوڈ : 556964
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش