QR CodeQR Code

اسلامی ممالک مغربی طاقتوں کی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر خاموش نہ رہیں، چیف جسٹس ایران

2 Aug 2016 15:23

اسلام ٹائمز: ایران عدلیہ کے سربراہ آیت اللہ صادق آملی لاریجانی نے اسلامی ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ مغربی ممالک کی جانب سے انجام پانے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر خاموش نہ رہیں اور اسلامی متون سے مدد لیتے ہوئے ان کے خلاف مناسب ردعمل ظاہر کریں۔


اسلام ٹائمز – تسنیم نیوز ایجنسی کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے چیف جسٹس آیت اللہ صادق آملی لاریجانی نے کہا ہے کہ دین مبین اسلام انسانی حقوق سے متعلق جامع اور کامل تعلیمات پر مشتمل ہے اور اسلامی متون میں انسانی حقوق کے بارے میں بہت زیادہ مباحث بیان کی گئی ہیں لہذا اسلامی ممالک اور مسلمان مفکرین کو چاہئے کہ وہ ان اسلامی متون کی مدد سے مغرب کی جانب سے انسانی حقوق سے متعلق کئے جانے والے دعووں اور انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزیوں پر خاموش نہ رہیں بلکہ ان پر مناسب ردعمل ظاہر کریں۔ آیت اللہ صادق آملی لاریجانی عدلیہ کی اعلی سطحی میٹنگ میں 4 اگست "اسلامک ہیومن رائٹس ڈے" کی مناسبت سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ عالم اسلام پر مغربی ثقافت، نظریات اور اقدار مسلط کرنے کا عمل ہر گز قابل قبول نہیں لہذا ہمیں اسلامی تعلیمات کی روشنی میں انسانی حقوق کی اقدار کا تعین کرنا چاہئے۔ چیف جسٹس ایران نے کہا کہ مغربی طاقتیں اپنے مخالف ممالک کو دبانے کیلئے انسانی حقوق کے ایشو کو ایک ہتھکنڈے کے طور پر استعمال کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا: "یمن، فلسطین، شام، بحرین، عراق اور دیگر ممالک میں جو کچھ ہو رہا ہے وہ سب مغربی انسانی حقوق کا نتیجہ ہے"۔

آیت اللہ صادق آملی لاریجانی نے "اسلامی انسانی حقوق" متعارف کروائے جانے اور "انسانی حقوق سے متعلق مغرب کی دوغلی پالیسیوں" کو برملا کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا: "اسلامی ممالک کو چاہئے کہ وہ ایکدوسرے کے تعاون سے اسلامی انسانی حقوق کی نظریاتی اور عملی بنیادوں کی تدوین اور تشریح کا عمل انجام دیں اور مغربی انسانی حقوق کی بنیادوں سے ان کا موازنہ کرنے کے بعد اہم فلسفی اور نظریاتی اختلافات کو واضح کریں۔ اسی طرح اسلامی حکومتیں اور مفکرین مغربی دنیا کی طرف سے اپنائے جانے والی دوغلی انسانی حقوق کی پالیسیوں کو برملا کریں اور دنیا والوں کو مغرب کی جانب سے اسلامی ممالک کے خلاف انجام پانے والے مجرمانہ اقدامات اور بیہودہ دباو سے آگاہ کریں"۔

چیف جسٹس ایران نے میٹنگ کے آغاز میں کریمہ اہلبیت حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیھا کے روز ولادت کی مناسبت سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اہلبیت اطہار علیھم السلام کے نورانی اور روحانی مقامات درحقیقت انسان شناسی اور اعلی روحانی حقائق سے آگاہی کا ذریعہ ہیں۔ انہوں نے ائمہ اطہار علیھم السلام کو فیض الہی کا ذریعہ اور اعلی انسانی مرتبے اور برترین روحانی مقام کا نمونہ قرار دیتے ہوئے کہا: "ہمیں چاہئے کہ ہمیشہ ائمہ اطہار علیھم السلام کے نورانی اور روحانی مقامات کو سمجھنے کی کوشش میں لگے رہیں اور اس طرح الہی تعلیمات کے حصول کے راستے پر قدم رکھیں"۔ آیت اللہ صادق آملی لاریجانی نے ائمہ اطہار علیھم السلام کی تعلیمات اور تفکر کی عظیم وسعت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: "تمام پیروان اہلبیت علیھم السلام کو چاہئے کہ وہ ان چھپے ہوئے خزانوں کو پانے کیلئے جدوجہد انجام دیں اور دنیا والوں کو ائمہ معصومین علیھم السلام کی سیرت کے ذریعے اسلام کی نظریاتی بنیادوں سے آگاہ کریں۔ یہ کام علمی جہاد کے بغیر ممکن نہیں"۔


خبر کا کوڈ: 557337

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/557337/اسلامی-ممالک-مغربی-طاقتوں-کی-انسانی-حقوق-خلاف-ورزیوں-پر-خاموش-نہ-رہیں-چیف-جسٹس-ایران

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org