QR CodeQR Code

کوئٹہ ایک دفعہ پھر دہشتگردوں کے نشانے پر، ایک ہفتے میں پولیس اور لیویز اہلکار سمیت 5 افراد قتل

3 Aug 2016 00:53

اسلام ٹائمز: منگل کی سہ پہر بروری روڈ کے پاس فیصل ٹاؤن میں نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے ایک وکیل جہانزیب علوی کو اس وقت فائرنگ کا نشانہ بنایا کہ جب وہ گاڑی میں عدالت سے گھر جا رہے تھے۔ پیر کو بھی سریاب روڈ پر رکشے میں سوار دو افراد کو موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کرکے قتل کر دیا تھا۔


اسلام ٹائمز۔ کوئٹہ میں ایک ہفتے کے دوران پولیس اور لیویز اہل کار سمیت پانچ افراد کو قتل کیا جاچکا ہے۔ کوئٹہ میں گذشتہ دو سال کے دوران ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں نمایاں کمی آئی ہے، مگر ایک ڈیڑھ ماہ سے فائرنگ کے واقعات پھر رونما ہونا شروع ہوگئے ہیں۔ منگل کی سہ پہر بروری روڈ کے پاس فیصل ٹاؤن میں نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے ایک وکیل جہانزیب علوی کو اس وقت فائرنگ کا نشانہ بنایا کہ جب وہ گاڑی میں عدالت سے گھر جا رہے تھے۔ پیر کو بھی سریاب روڈ پر رکشے میں سوار دو افراد کو موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کرکے قتل کر دیا تھا، اس سے پہلے 26 جولائی کو چکی شاہوانی میں اے ایس آئی عزیز الرحمان اور 31 جولائی کو کیچی بیگ میں ایک لیویز اہل کار کو ٹارگٹ کلرز نے نشانہ بنایا۔ کوئٹہ میں 30 جون کو ایک ماہ کے لئے موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی لگائی گئی تھی، لیکن اس کے باوجود ٹارگٹ کلنگ کے واقعات سے ظاہر ہوتا ہے کہ اس پابندی کا کوئی فائدہ نہیں ہوا۔ ٹارگٹ کلنگ کے ساتھ کوئٹہ میں بم دھماکوں کاسلسلہ بھی دوبارہ شروع ہوتا نظر آرہا ہے، گذشتہ ماہ سریاب کے علاقے میں دو دھماکوں میں تین افراد جاں بحق اور 13 زخمی ہوگئے تھے۔ کوئٹہ سمیت بلوچستان میں امن و امان کی صورت حال پر صوبائی اسمبلی کے حالیہ اجلاس میں تشویش کا اظہار کیا گیا ہے، تاہم شہریوں کا کہنا ہے کہ محض تشویش اور مذمت کے بجائے حکومت کو امن و امان برقرار رکھنے کے لئے ٹھوس اقدامات کرنے چاہئیں۔


خبر کا کوڈ: 557535

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/557535/کوئٹہ-ایک-دفعہ-پھر-دہشتگردوں-کے-نشانے-پر-ہفتے-میں-پولیس-اور-لیویز-اہلکار-سمیت-5-افراد-قتل

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org