QR CodeQR Code

شہید حسن ترابی کے قاتلوں کو پھانسی نہ دینے سے ملت تشیع میں بے چینی بڑھ رہی ہے، علامہ ناظر تقوی

3 Aug 2016 18:15

اسلام ٹائمز: تنظیمی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اس یو سی سندھ کے صدر نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ شہید حسن ترابی کے قاتلوں کو سزائیں دی جائیں اور اس ملک میں قانون کی عمل داری کو یقینی بنایا جائے، جب تک اس ملک میں آئین اور قانون پر عمل درآمد نہیں ہوگا، اس وقت تک امن و امان کا قیام ممکن نہیں ہے۔


اسلام ٹائمز۔ شیعہ علماء کونسل صوبہ سندھ کے صدر علامہ سید ناظر عباس تقوی کی زیرِ صدارت اہم اجلاس کراچی میں واقع صوبائی دفتر میں منعقد ہوا، جس میں علامہ جعفر سبحانی، علامہ کرم الدین واعظی، حسنین مہدی، یعقوب شہباز اور مسلم رضا سمیت کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب میں علامہ سید ناظر عباس تقوی کا کہنا تھا 6 اگست کو علامہ عارف حسین الحسینی اور شہید وحدت علامہ حسن ترابی کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے سندھ بھر میں سیمنار اور جلسے منعقد کئے جائیں گے، مرکزی پروگرام ملیر محمدی ڈیرہ میں منعقد کیا جائے گا، جس میں علامہ سید ساجد علی نقوی خصوصی خطاب کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ شہید علامہ عارف حسین الحسینی اور علامہ حسن ترابی نے اس ملک میں امت مسلمہ کے درمیان اتحاد اور وحدت کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا ہے اور امت مسلمہ کو اُس وقت ایک پلیٹ فارم پر جمع کیا، جب اس ملک میں فرقہ پرست گروہ فرقہ واریت کو ہوا دے رہے تھے اور ملک میں شیعہ اور سنی بھائیوں کے درمیان گشیدگی پیدا کر رہے تھے۔

علامہ ناظر تقوی نے کہا کہ شہید علامہ حسن ترابی نے اپنے پیاروں کے جنازوں پر کھڑے ہو کر یہ اعلان کیا تھا کہ ہم سو جنازے اٹھا سکتے ہیں، مگر شیعہ اور سنی کے درمیان کوئی مسئلہ نہیں ہونے دیں گے، لیکن افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ ان شخصیات نے امت مسلمہ کو ایک کیا اور ملک میں اتحاد اور وحدت کی فضاء کو ایک کیا، مگر اب تک شہید حسن ترابی کے قاتلوں کو تختہ دار پر نہ لٹکانا افسوس ناک عمل ہے، جس سے ملت تشیع میں بے چینی اور مایوسی بڑھ رہی ہے۔ اجلاس میں علامہ ناظر تقوی نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ شہید حسن ترابی کے قاتلوں کو سزائیں دی جائیں اور اس ملک میں قانون کی عمل داری کو یقینی بنایا جائے، جب تک اس ملک میں آئین اور قانون پر عمل درآمد نہیں ہوگا، اس وقت تک ملک میں امن و امان کا قیام ممکن نہیں ہے۔


خبر کا کوڈ: 557699

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/557699/شہید-حسن-ترابی-کے-قاتلوں-کو-پھانسی-نہ-دینے-سے-ملت-تشیع-میں-بے-چینی-بڑھ-رہی-ہے-علامہ-ناظر-تقوی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org