0
Friday 5 Aug 2016 19:21

شہید علامہ عارف حسین الحسینی نے قوم کو وحدت کی لڑی میں پرو دیا، نیاز نقوی

شہید علامہ عارف حسین الحسینی نے قوم کو وحدت کی لڑی میں پرو دیا، نیاز نقوی
اسلام ٹائمز۔ وفاق المدارس الشیعہ پاکستان اور ملی یکجہتی کونسل کے مرکزی نائب صدر علامہ سید نیاز حسین نقوی نے علامہ سید عارف حسین الحسینی کی 28 ویں برسی پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید قائد ملت جعفریہ سیرت معصومین کی پیروی کرنیوالے عظیم رہنما اور امام خمینی کے پیرو تھے۔ علی مسجد جامعة المنتظر لاہور میں نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے علامہ نیاز نقوی نے کہا کہ علامہ عارف الحسینی کی سب سے بڑی خوبی اور تنظیم کمال قوم کو ایک لڑی میں پرونا تھا مگر افسوس کہ ان کی شہادت کے بعد دشمنوں کی سازش سے یہ وحدت تفریق میں بدلتی گئی۔ انہوں نے زور دیا کہ قومی نمائندگی کی دعویدار تمام جماعتوں کا فرض ہے کہ وہ شہید قائد کی سیرت پر چلتے ہوئے قومی صفوں میں وحدت پیدا کریں، گزشتہ ایک سال سے ایران اور عراق کے مقدس مقامات کی زیارات کیلئے براستہ کوئٹہ، تفتان جانیوالے زائرین کو درپیش مشکلات کا حوالہ دیتے ہوئے علامہ نیاز نقوی نے اسے حکومتی ذمہ داری اور ریاستی اداروں کی نااہلی قرار دیا اور فی الفور حل کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا زائرین کو کئی کئی دن تک کوئٹہ اور تفتان روکے رکھنا نہایت تکلیف دہ اور شہری حقوق کی خلاف ورزی ہے، جہاں مناسب سہولیات کا شدید فقدان بھی ہے۔ انہوں نے داخلہ اور مذہبی امور کی وزارتوں کے متعلقہ حکام کو متوجہ کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ چند ہفتوں کے بعد ذی الحجہ، محرم الحرام اور صفر کے ایام ان ممالک میں گزارنے کیلئے جانیوالوں کی آمدورفت کا سلسلہ شروع ہونے سے پہلے شیعہ اکابرین کی تجاویز کی روشنی میں یہ تفتان بارڈر پر مسائل حل کئے جائیں۔

انہوں نے ان اطلاعات پر بھی تشویش کا اظہار کیا کہ ایران میں قانونی طریقہ سے تعلیم حاصل کرنیوالے دینی طلباء کو بارڈر پر متعین سیکورٹی اہلکار پریشان کرتے ہیں۔ ترکی میں حکومت کا تختہ الٹنے کی مبینہ سازش کے حوالے سے علامہ نیاز نقوی نے کہا اردگان حکومت کی وسیع پیمانے پر انتقامی کارروائیوں سے لگتا ہے کہ یہ محض سیاسی مخالفین کو کچلنے کا بہانہ ہے جس کی آڑ میں متعلقہ، غیر متعلقہ افراد کو انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ بحرینی حکام کی طرف سے، محض سیاسی اختلافات کی بنا پر برگزیدہ مجاہد عالم دین آیت اللہ شیخ عیسیٰ قاسم کی شہریت منسوخ کرنے کے ظالمانہ فیصلے کی شدید مذمت کرتے ہوئے امام جمعہ علی مسجد نے اسے انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزی قرار دیا اور اس غیر انسانی اقدام پر نام نہاد عالمی اداروں کی خاموشی پر شدید مذمت کی۔ خاندان پیغمبر (ص) کی اہم شخصیت، حضرت امام موسیٰ کاظم علیہ السلام کی صاحبزادی حضرت معصومہ سلام اللہ علیہا کے یوم ولادت کی مناسبت سے ان کی عظمت بیان کرتے ہوئے کہا کہ یہ بی بی غیر معصوم ہونے کے باوجود نہایت علم و فضل کی مالک تھیں اور کئی مرتبہ علمی مسائل کا معصوم امام کی طرح حل پیش کیا، قم ایران مین مدفون اس جلیل القدر ہستی کے مزار کی زیارت کا اجر جنت بتایا گیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 558149
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش