QR CodeQR Code

کوئٹہ میں جے یو پی کا اجلاس، اہم تنظیمی امور پر تبادلہ خیال

6 Aug 2016 09:41

اسلام ٹائمز: جے یو پی کے رہنمائوں نے کہاکہ علماء اور امت کے باشعور افراد کو جدید دور کے چیلنجوں سے نبرد آزما ہونے کے لئے متحد ہوکر بھرپور مقابلہ کرنا ہوگا۔


اسلام ٹائمز۔ جمعیت علماء پاکستان بلوچستان کی آرگنائزنگ کمیٹی کا اجلاس صوبائی چیف آرگنائزر علامہ پیر عبدالقدوس ساسولی کی زیرصدارت ہوا، مرکزی رہنما علامہ سید عقیل انجم قادری اور علامہ رفیع الرحمن نورانی نے خصوصی شرکت کی، جبکہ صوبائی کمیٹی کے دیگر اراکین مفتی احمد رضا قاسمی، سید مومن شاہ جیلانی، مولانا محمد قاسم قاسمی، مولانا ہدایت حمداللہ بنگلزئی، قاری محمد یونس مینگل اور سراج احمد زہری شریک تھے۔ اجلاس میں مختلف تنظیمی امور پر اہم فیصلے کئے گئے، صوبہ اور ملک کے امن و امان اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کرنے کے ساتھ ساتھ تفصیلی رپورٹ بھی پیش کی گئی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی چیف آرگنائزر علامہ میر عبدالقدوس ساسولی اور مرکزی رہنما علامہ سید عقیل انجم قادری نے کہا کہ امت کے مسائل کے ذمہ دار یہ بے دین مسلم حکمران ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف فلسطین، کشمیر، شام، عراق، افغانستان میں مسلمان عالمی دہشت گردوں کے مظالم کا شکار ہیں، تو دوسری جانب ذرائع کے جدید نیٹ ورکس کے ذریعے مسلم معاشروں میں لادینیت و الحاد اور فحاشی و عریانی کی وباء پھیلائی جا رہی ہے، جس سے مسلمان نوجوان براہ راست متاثر ہو رہے ہیں، جو امت کے ذمہ داروں کیلئے بہت بڑا المیہ اور لمحہ فکریہ ہے۔ جے یو پی کے رہنمائوں نے کہا کہ علماء اور امت کے باشعور افراد کو جدید دور کے چیلنجوں سے نبرد آزما ہونے کے لئے متحد ہو کر بھرپور مقابلہ کرنا ہوگا۔


خبر کا کوڈ: 558266

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/558266/کوئٹہ-میں-جے-یو-پی-کا-اجلاس-اہم-تنظیمی-امور-پر-تبادلہ-خیال

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org