0
Tuesday 22 Feb 2011 15:07

پیغمبر اکرم ص کی ولادت باسعادت انسانی زندگی میں ایک روشن صبح ہے، آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای

پیغمبر اکرم ص کی ولادت باسعادت انسانی زندگی میں ایک روشن صبح ہے، آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای
اسلام ٹائمز[مانیٹرنگ ڈیسک]- اسلامی جمہوریہ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے کل 22 فروری 17 ربیع الاول کو پیغمبر اسلام حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے یوم پیدائش کی مناسبت سے مسلم ممالک کے سفراء، وحدت اسلامی کانفرنس کے شرکاء، ایران کے اعلی حکام اور عام افراد پر مشتمل عظیم اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ولادت باسعادت خاتم النبیین ص کو انسانی زندگی میں ایک روشن صبح قرار دیا اور کہا کہ اس دن ظالم بادشاہوں کے محل لرز گئے اور آتشکدوں کے شعلے بجھ گئے۔ قائد انقلاب اسلامی ایران نے ولادت باسعادت پیغمبر اکرم ص کو بعثت کا مقدمہ قرار دیا اور کہا کہ یہ بعثت دنیا کے تمام افراد کیلئے باعث رحمت تھی۔
آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے کہا کہ اگر انسان علم و معرفت کے درجہ پر فائز ہوتا اور اسلام اور اسکے پیغام کو سمجھ سکتا تو آج انسانی تاریخ کا انداز مختلف ہوتا۔
دنیا کے عوام عالمی استکباری قوتوں سے بیزار ہو چکے ہیں: 
اسلامی جمہوریہ ایران کے سپریم لیڈر نے کہا کہ عالمی استکباری قوتیں لوگوں کی زندگی، معیشت، سمجھ بوجھ اور شخصی مسائل میں دخل اندازی کرتی ہیں جسکی وجہ سے ان پر انتہائی تاریک فضا حاکم ہو گئی ہے جو انسانی فطرت کے خلاف ہے اور لوگ اسکے خلاف اٹھ کھڑے ہوئے ہیں۔ آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے کہا کہ مصر، تیونس اور دیگر اسلامی ممالک میں عوامی انقلابات ظاہر کرتے ہیں کہ لوگ استکبار جہانی سے تنگ آ چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مغربی دنیا جو مادہ پرستی کا شکار ہو چکی ہے نیز اپنے آپ سے تنگ آ چکی ہے اور اگر ہم مسلمان اس قابل ہوتے کہ انہیں صحیح اسلام سے متعارف کروا سکتے تو یقیناً ساری دنیا اسلام کی طرف متمائل ہو جاتی۔ آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے کہا کہ خطے میں پیدا ہونے والی عوامی تحریکیں امریکہ کو اپنا سب سے بڑا دشمن سمجھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ شدید پروپیگنڈے کے ذریعے خود کو ان تحریکوں کی لپیٹ میں آنے سے محفوظ رکھنے کی بیہودہ کوششوں میں مصروف ہے۔
خطے کی مسلمان اقوام امریکہ کی شیطنت کا مقابلہ کریں:
قائد انقلاب اسلامی ایران نے کہا کہ عالمی استکباری قوتوں نے خطے کے مسلمانوں کے درمیان فاصلے اور دوریاں پیدا کر رکھی ہیں جو انکے تمام مسائل کی اصلی وجہ ہے۔ انہوں نے تمام مسلمان اقوام اور حکومتوں سے مطالبہ کیا کہ وہ بیدار ہو جائیں اور شیطان بزرگ )امریکہ( کی جانب سے اپنے اندرونی مسائل میں مداخلت کا خاتمہ کر دیں۔
آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے کہا کہ مشرق وسطی میں امریکی پالیسیوں کے نتیجے میں ایسی حکومتیں برسراقتدار آ چکی ہیں جنکا اپنی قوموں سے کوئی تعلق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی حکومت کو اپنی قوم کی حمایت حاصل ہو تو دنیا کی کوئی طاقت اسکا مقابلہ نہیں کر سکتی۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے سپریم لیڈر نے خطے میں ظاہر ہونے والی عوامی تحریکوں کو امریکہ کی شیطانی پالیسیوں کے خاتمے کا آغاز قرار دیا۔
اسرائیل خطے میں ایک کینسر ہے:
آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے کہا کہ اسرائیل کی جعلی صہیونیستی رژیم ایک سرطانی پھوڑے کی مانند ہے جس نے تمام خطے کو آلودہ کر رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ استکبار جہانی امریکہ کی پوری کوشش ہے کہ اس کینسر کے وجود کو خطے میں محفوظ رکھے جسکی وجہ سے کئی جنگیں رونما ہو چکی ہیں۔ 
مسلمانان عالم اپنے عمل کو قرآن کریم کے ساتھ ہم آہنگ کریں:
ولی امر مسلمین جہان آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے کہا کہ تمام مسلمانان عالم کو چاہئے کہ وہ اپنے اخلاق اور دوستوں، دشمنوں اور استکبار جہانی کے ساتھ اپنے رویے کو قرآن کریم کے ساتھ ہم آہنگ کریں تاکہ اسکے نتیجے میں خدا پر توکل اور خدا کی جانب توجہ اور خضوع پیدا ہو۔ انہوں نے کہا کہ خدا کا وعدہ ہے کہ جو لوگ بھی اس انداز میں عمل کریں گے انہیں دنیا میں عزت عطا کرے گا اور آخرت میں بھی رضوان الہی اور اجر عطا فرمائے گا۔
آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے کہا کہ یہی وہ راستہ ہے جسکا انتخاب ملت ایران کر چکی ہے اور خدا کی توفیق سے وہ اسے جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ آج دنیا کی دوسری مسلمان اقوام نے بھی اسی سمت حرکت کا آغاز کر دیا ہے جو ایک روشن مستقبل کی علامت ہے۔
خبر کا کوڈ : 55878
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش