0
Monday 8 Aug 2016 18:18

اسرائیل جارح اور قاتل ہے، فلسطینیوں کی آزادی تک تعلقات قائم نہیں ہو سکتے، امیر العظیم

اسرائیل جارح اور قاتل ہے، فلسطینیوں کی آزادی تک تعلقات قائم نہیں ہو سکتے، امیر العظیم
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات و ترجمان امیر العظیم نے لاہور میں "اسلام ٹائمز" سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے جماعت اسلامی کراچی کے نائب امیر میاں مسلم پرویز کے اس بیان کہ "قبلہ اول کی بازیابی کیلئے سعودیہ اسرائیل تعلقات قائم کئے جا سکتے ہیں" سے لاتعلقی کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل ایک جارح ہے جو فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کا قاتل ہے، فلسطین کی آزادی تک اس کیساتھ کسی بھی قسم کے تعلقات قائم نہیں کئے جا سکتے۔ امیر العظیم نے کہا کہ میاں مسلم پرویز نے اگر ایسی بات کہی ہے تو یہ ان کی ذاتی رائے تو ہو سکتی ہے جماعت اسلامی کی پالیسی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین کے مسئلہ پر جماعت اسلامی اپنا واضح موقف رکھتی ہے، اس میں کسی قسم کی کوئی لگی لپٹی کا معاملہ نہیں۔ امیر العظیم کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی پاکستان مظلوموں کیساتھ ہے، خواہ وہ مظلوم فلسطین کے ہوں یا کشمیر کے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری مسلمانوں پر مظالم ڈھانے والے بھارت کی جارحیت کی بھی ہم روز اول سے مذمت کر رہے ہیں اور ہم اخلاقی و مالی لحاظ سے مظلوم کشمیریوں کیساتھ ہیں، اسی طرح ہم مظلوم فلسطینیوں کے بھی حامی ہیں اور اسرائیل کے مخالف، اسرائیل مظلوم فلسطینیوں پر مظالم کے پہاڑ توڑ رہا ہے، اس کے باوجود عربوں کی جانب سے اسرائیل کیساتھ دوستی کی پینگیں بڑھانا تشویش کی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری امت مسلمہ کو اس حوالے سے اتحاد کا مظاہرہ کرنا چاہیے، مسلمان متحد ہو گئے تو تمام مسائل حل ہو جائیں گے۔ مسلمانوں کے مسائل کی وجہ بھی باہمی تفرقے ہیں، ہمیں فرقہ بندی سے باہر نکل کر ایک جسم ہو کر سوچنا ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 558959
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش