0
Monday 8 Aug 2016 18:42

سول ہسپتال کوئٹہ میں دھماکہ بزدلی ہے، علامہ ساجد نقوی

سول ہسپتال کوئٹہ میں دھماکہ بزدلی ہے، علامہ ساجد نقوی
اسلام ٹائمز۔ اسلامی تحریک پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے کوئٹہ ہسپتال بم دھماکے میں قیمتی جانوں کے ضیاع اور متعدد کے زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگردوں کے مکمل خاتمے تک امن ممکن نہیں، سول ہسپتال پر حملہ بزدلی ہے، واقعہ میں ملوث افراد کا سراغ لگا کر درندہ صفت افراد اور ان کے سہولت کاروں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ لاہور میں شیعہ علماء کونسل پنجاب کے صدر علامہ سید سبطین حیدر سبزواری سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ اگر ریاستی اداروں نے کوئٹہ اور ڈیرہ اسمٰعیل خان سمیت ملک بھر کے مختلف حصوں میں ہونیوالی دہشتگردی اور ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں ملوث افراد کو تختہ دار پر لٹکایا ہوتا تو امن و امان کی ایسی سنگین صورتحال نہ ہوتی جو آج ہے۔ انہوں نے کہا کہ دن دہاڑے ڈی آئی خان جیل توڑی گئی، بے گناہ لوگوں کو بے دردی سے قتل کیا گیا، لیکن حکومت اور ادارے ٹس سے مس نہ ہوئے جیسا کہ کیڑے مکوڑے مارے گئے ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ اب ریاستی اداروں کو ملک کی بقا کیلئے جرات مندانہ اقدام اُٹھانا ہوں گے، پہلے مرحلے میں اپنا قبلہ درست کرنا ہوگا اور ان ملک دشمن عناصر کی جڑوں کو ختم کرنا ہوگا اور ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ کوئٹہ سول ہسپتال بم دھماکہ سمیت ملک میں جاری دہشتگردی اور ان میں ملوث افراد اور انکے سہولت کاروں کے بار ے تلخ حقائق سے عوام کو آگاہ کیا جائے۔ علامہ ساجد نقوی نے شہید وکلا اور دیگر شہداء کیلئے دعائے مغفرت کرتے ہوئے لواحقین کے صبر و جمیل اور خودکش حملے میں زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا بھی کی۔ دریں اثنا علامہ سبطین حیدر سبزواری نے شہید وکلا کے خاندانوں کیساتھ اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا ہے کہ شیعہ علماء کونسل وکلا برادری کیساتھ ہے، ملت جعفریہ ایک عرصے سے دہشتگردی کا شکار ہے، مگر کسی ریاستی ادارے نے اپنی ذمہ داری کو پورا نہیں کیا، اب تک شیعہ ٹارگٹ کلنگ جاری ہے۔ انہوں نے اعلان کیا ہے کہ شیعہ علماء کونسل پنجاب کے زیر اہتمام سانحہ کوئٹہ کیخلاف احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے۔ اس حوالے سے منگل 9 اگست لاہور پریس کلب کے باہر 4 بجے سہہ پہر احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 558971
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش