QR CodeQR Code

میری کردار کشی کی جا رہی ہے، مجبور کیا گیا تو ریمنڈ ڈیوس کیس خراب کرنے والوں کے نام بتا دوں گا،شاہ محمود قریشی

23 Feb 2011 09:32

اسلام ٹائمز:سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ میرے بارے میں بعض دوستوں نے ذرائع ابلاغ میں جو نکات اٹھائے گئے ہیں میں ضروری سمجھتا ہوں کہ اس ایوان میں ان کا جواب دیا جائے اور ان قیاس آرائیوں کو دور کیا جائے جو میرے بارے میں کی جا رہی ہیں


اسلام آباد:اسلام ٹائمز۔سابق وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ میں نے اس ایوان میں موجود ارکان کے ساتھ مل کر جمہوریت اور آئین کی بحالی کے لئے جدوجہد کی ہے لیکن اس ایوان سے بعض ارکان میری کردار کشی میں مصروف ہیں، میں پاکستان پیپلزپارٹی کے ساتھ مخلص تھا اور رہوں گا، سازشیں کرنے والا نہیں، صدر زرداری اور وزیراعظم گیلانی سے احترام کا رشتہ تھا اور رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ ریمنڈ ڈیوس کا معاملہ مس ہینڈل کیا گیا، ان کے نام جانتا ہوں جنہوں نے یہ کیس خراب کیا، لیکن لینا نہیں چاہتا۔ اگر مجبور کیا گیا تو ان کے نام بتا دوں گا۔ اپنے قائدین ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ بے نظیر بھٹو کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے 27 فروری کو گڑھی خدابخش جا رہا ہوں، جہاں اپنی شہید بھٹو سے کچھ دل کی باتیں بھی کروں گا، مجھ پر فاروق لغاری بننے کا طنز کیا جاتا ہے، بتایا جائے کہ میں نے ایسا کونسا کام کر دیا ہے کہ مجھے طعنے اور دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔ وزارت میرے لئے اہمیت نہیں رکھتی بلکہ اصل بات سیاسی کردار کی ہے۔ کیری لوگر بل کی حمایت کی تو مجھے امریکی چمچہ کہا گیا اور اب الزام دیا جا رہا ہے کہ میں امریکا اور پاکستان کے تعلقات خراب کرانا چاہتا ہوں۔
 منگل کو قومی اسمبلی میں ذاتی وضاحت کے سلسلے میں خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ میرے بارے میں بعض دوستوں نے ذرائع ابلاغ میں جو نکات اٹھائے گئے ہیں میں ضروری سمجھتا ہوں کہ اس ایوان میں ان کا جواب دیا جائے اور ان قیاس آرائیوں کو دور کیا جائے جو میرے بارے میں کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے پارلیمنٹ کی بالادستی کے لئے مل کر جدوجہد کی ہے اور آمریت سے چھٹکارا حاصل کیا۔ 18 اور 19 ویں ترمیم کے ذریعے افہام و تفہیم سے 1973ء کے آئین کو اسکی اصل شکل میں بحال کیا۔ میں آج بھی اپنے دوستوں کے ساتھ کھڑا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ مجھ پر الزام لگایا گیا کہ میں نے چکری میں جا کر چوہدری نثار علی، میاں شہباز شریف کے ساتھ بند کمرے میں ملاقات کی حالانکہ اپنے دیرینہ اور خاندانی مراسم کی بنیاد پر میں ان کی والدہ کے انتقال پر ان سے تعزیت کرنے کے لئے ان کے گھر گیا تھا۔ پھر مجھے کہا جاتا ہے کہ میں فاروق لغاری بننے کی کوشش نہ کروں۔ مجھے بتایا جائے کہ میں نے ایسا کونسا کام کیا ہے کہ مجھے یہ طعنہ اور دھمکی دی جا رہی ہے۔
 فاروق لغاری نے محترمہ کی حکومت برطرف کی تھی اگر ان کے بارے میں کوئی ناپسندیدہ ریمارکس دیتا ہے تو اس کی وجہ سمجھ میں آتی ہے لیکن میں نے ایسا کون سا کام کیا ہے کہ مجھے ان کے سیاسی کردار سے تشبیہ دی جا رہی ہے۔ سابق وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ خارجہ امور کی وزارت کی تبدیلی کے بعد مجھے پانی وبجلی کی وزارت پیش کی گئی، میں نے معذرت کے لئے جو موقف اختیار کیا اس کے گواہ وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب میں نے کیری لوگر بل کی حمایت کی تو مجھے امریکہ کی چمچہ گیری کا طعنہ دیا گیا اب مجھے کہا جاتا ہے کہ امریکہ اور پاکستان کے تعلقات خراب کرانا چاہتا ہے۔


خبر کا کوڈ: 55928

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/55928/میری-کردار-کشی-کی-جا-رہی-ہے-مجبور-کیا-گیا-ریمنڈ-ڈیوس-کیس-خراب-کرنے-والوں-کے-نام-بتا-دوں-گا-شاہ-محمود-قریشی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org