0
Wednesday 10 Aug 2016 15:30

ہر قیمت پر دہشتگردوں کے نظریئے کو شکست دینگے، دشمن کا مقابلہ کرنے کیلئے متحد ہونا ضروری ہے، نواز شریف

ہر قیمت پر دہشتگردوں کے نظریئے کو شکست دینگے، دشمن کا مقابلہ کرنے کیلئے متحد ہونا ضروری ہے، نواز شریف
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کا کہنا ہے کہ سانحہ کوئٹہ سے دہشت گردی کے خاتمے کا عزم متزلزل نہیں کیا جاسکتا، پہلے سے زیادہ قوت سے آگے بڑھ کر دہشت گردی کا قلع قمع کریں گے۔ وزیراعظم نواز شریف نے قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ کوئٹہ میں دہشت گردی کے واقعے نے قوم کو سوگوار کر دیا، انتہائی غمزدہ کیفیت میں ایوان سےمخاطب ہوں، اپنے پیاروں کی شہادت پر دکھ ہے، حکومت، مسلح افواج، قومی سلامتی کے ادارے، پولیس دہشت گردی کے خلاف جنگ میں متحد تھے اور رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ وہی ذہن ہے جو پاکستان میں امن و امان کو بہتر ہوتا نہیں دیکھ سکتا، پاکستان میں ترقی کے امکانات خصوصاً پاک چین اقتصادی راہداری دشمنوں کو ہضم نہیں ہو رہی، دشمنوں کا مقابلہ کرنے کے لیے ہمارا متحد ہونا ضروری ہے، ہمارا اتحاد دشمنوں کو منہ توڑ جواب دے سکتا ہے۔

نواز شریف کا کہنا تھا کہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر پاکستان دنیا بھر میں آگاہی مہم چلا رہا ہے، قومی سلامتی کے ادارے سرحدوں کی حفاظت اور سرحدوں کے اندر حفاظت کرنا ان کے ذمے داری ہے، جو بخوبی انجام دے رہے ہیں، پاکستان کو محفوظ بنانا ہمارا اور پوری قوم کا مشن ہے، آپریشن ضرب کو ہر صورت مکمل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے غیور عوام کو بتانا چاہتا ہوں کہ خفیہ ادارے دشمنوں کے عزائم ناکام بنانے میں مصروف ہیں، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے جوان اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرتے ہیں، ہماری خفیہ ایجنسیوں نے ایسے منصوبے ناکام بنائے جن میں پاکستانی دشمنوں کا ہدف تھے۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ آج کا پاکستان کچھ سال پہلے کے پاکستان سے زیادہ محفوظ ہے، حکومت، مسلح افواج، قومی سلامتی کے ادارے، پولیس دہشت گردی کےخلاف جنگ میں متحد تھے اور رہیں گے۔

دیگر ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف نے کہا سانحہ کوئٹہ پر پوری قوم سوگوار ہے۔ اپنے پیاروں کی شہادت پر دکھ ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا دہشتگردوں کا وہی گمراہ کن نظریہ ہے، جس نے بینظیر بھٹو کو چھین لیا۔ ہر قیمت پر دہشتگردوں کے نظریئے کو شکست دیں گے۔ دہشتگردی کے خلاف پہلے سے زیادہ قوت سے آگے بڑھیں گے۔ وزیراعظم نے اپنے خطاب میں کہا دہشت گرد ہمارے عزم کو متزلزل نہیں کرسکتے اور دہشتگردوں کے عزائم خاک میں ملائے بغیر چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ پاکستان مخالف قوتوں کو بلوچستان میں امن پسند نہیں آیا۔ دہشت گردوں کا مقابلہ کرنے کے لئے متحد رہنا ضروری ہے۔ قوم کا اتحاد ہی شیطانی قوتوں کو منہ توڑ جواب دے سکتا ہے۔ پاکستان کے عوام، حکومت، فوج اور پولیس دہشتگردی کے خلاف متحد ہیں۔

قومی اسمبلی میں تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہر طبقہ فکر نے سانحہ کوئٹہ کی مذمت کی۔ کوئٹہ میں پہلی مرتبہ سانحہ نہیں ہوا، پشاور اے پی ایس سانحے کے بعد قوم متفق ہوئی تھی اور نیشنل ایکشن پلان پر اتفاق رائے ہوا تھا۔ انہوں نے کہا دہشتگردی کے خلاف جنگ میں 60 ہزار جانیں قربان کیں۔ دنیا قربانیوں کے باوجود ہمارے موقف کو تسلیم کرنے سے کترا رہی ہے۔ کون نہیں جانتا پاکستان نے اس جنگ میں بے انتہا قربانیاں دی ہیں۔ کیا صرف دہشتگرد حملوں کی مذمت ہی کافی ہے؟
خبر کا کوڈ : 559553
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش