0
Friday 12 Aug 2016 10:19

کارکن بلدیاتی الیکشن کی تیاری کریں، راجہ فاروق

کارکن بلدیاتی الیکشن کی تیاری کریں، راجہ فاروق
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق خان نے کہا ہے کہ آزادکشمیر میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے اپنی ترجیحات کے مطابق کام کا آغاز کر دیا ہے، تعمیروترقی کے جس روڈ میپ پر سفر شروع کر رہے ہیں اس سے عوام خوشگوار معاشی تبدیلیاں محسوس کریں گے۔ کارکنوں کے حقوق کا تحفظ میری ذمہ داری ہے۔ آزادکشمیر بھر کے کارکنوں کو ان کا جائز مقام دیا جائے گا۔ کارکن آزادکشمیر میں بلدیاتی انتخابات کی بھرپور تیاری کریں۔ بلدیاتی انتخابات کے ذریعے عوام کو حکومت میں شراکت کے بھرپور مواقع فراہم ہوں گے۔ جن حلقوں میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کامیاب نہیں ہو سکے ان حلقوں میں مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کے ذریعے ہی تعمیروترقی کے کام ہوں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ قبضہ مافیا اور کرپٹ مگر مچھوں کا احتساب کریں گے۔ آزادکشمیر کو کرپشن فری معاشرہ میں بدلیں گے۔ عوام کو سلام پیش کرتا ہوں اور ان کا شکرگزار ہوں جنہوں نے منفی سیاست کرنے والوں کے ایجنڈے کو مسترد کیا اور وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کے ویژن کے مطابق مسلم لیگ (ن) کو بھاری مینڈیٹ دیا۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات میں عوام سے جو وعدے کر رکھے ہیں وہ پورے کریں گے۔ حکومت نے ایجوکیشن و ہیلتھ سروسز کو فوکس کر رکھا ہے۔ راجہ فاروق خان نے کہا کہ نیشنل ایجوکیشن پالیسی اور وزیراعظم ہیلتھ کارڈ سروسز کے ذریعے بلاتخصیص عوام کو صحت و تعلیم کی جدیدسہولیات مہیا کریں گے۔ سیاست میں خود کو عوامی خدمت کے لئے وقف کر رکھا ہے۔ مشنری جذبے سے خدمت خلق کے مشن کو عملی جامہ پہنائیں گے۔ وزیراعظم آزادکشمیر یہاں کشمیر ہائوس اسلام آباد میں چڑہوئی سے سابق امیدوار اسمبلی راجہ اقبال کی قیادت میں ملنے والے وفد سے بات چیت کر رہے تھے۔ وفد میں سردار سرفراز، راجہ اظہر، عرفان جہانگیر اور دیگر شامل تھے۔
خبر کا کوڈ : 559916
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش