0
Sunday 14 Aug 2016 12:31

یوم آزادی کا تقاضا ہے کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی پر نظر ثانی کی جائے، آغا علی رضوی

یوم آزادی کا تقاضا ہے کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی پر نظر ثانی کی جائے، آغا علی رضوی
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلتستان ڈویژن کے سربراہ آغا علی رضوی نے جشن آزادی کے موقع پر اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ یوم آزادی کے پر مسرت موقع پر تمام حب وطن پاکستانیوں کو ہدیہ تبریک پیش کرتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ عوام مل کر اقبال اور جناح کے گمشدہ پاکستان کو حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ چودہ اگست وطن عزیز سے تجدید کا عہد کا دن ہے۔ اس دن ہمارے اجداد نے ہمیں قرآن و سنت کی تعلیمات پر عمل کرنے اور اسلامی نظام کو نافذ کرنے کے لیے ایک ریاست دی لیکن مقصد حصول اب تک حاصل نہیں ہو سکا۔ پاکستان کو بنانے کے لیے جتنی قربانیاں دی گئی آج اس سے کہیں زیادہ اس ملک کو بچانے کے لیے دینے کی ضرورت ہے۔ پاکستان کے پالیسی ساز اداروں کی ناقص خارجہ پالیسی اور عاقبت نااندیش حکمرانوں کی وجہ سے وطن عزیز طرح طرح کی مشکلات میں گھیرا ہوا ہے۔ دہشتگردی، قتل وغارت، اغواء، بدعنوانی، چوربازاری اور دیگر جرائم کا بازار گرم ہے۔ عوام کا تحفظ جو حکومت کی اولین ذمہ داری تھی اسے پورا کرنے میں نہ صرف حکومت ناکام ہوئی ہے بلکہ انہیں عوام کے تحفظ کی فکر کرنے کی بجائے سڑکیں بنانے پر تلی ہوئی ہے۔

آغا علی رضوی نے کہا کہ ناقص خارجہ پالیسی کی وجہ سے اقوام عالم میں پاکستان تنہا ہوتا جا رہا ہے۔ تمام ہمسایہ ممالک سے پاکستان کے روابط افسوسناک حد تک خراب ہے۔ پاکستان کا ایک ہی ہمسایہ ملک چین کے ساتھ رابطہ قدرے بہتر ہے لیکن امریکہ کے دباو کے سبب اس دوستی میں رخنہ پڑ گیا ہے۔ پاکستان کے ریاستی اداروں کو ستر سالہ خارجہ پالیسی میں تبدیلی کر کے نئی پالیسی وضع کرنی چاہیے اور سات سمندر پار موجود امریکہ کی خوشنودی کے لیے اپنے حقیقی اور نظریاتی دوست ممالک کو دشمن نہیں بنانا چاہیے۔ امریکہ ایک طرف پاکستان کو اپنی چنگل میں پھنسایا ہوا ہے اور دوستی کا دم بھرتا ہے تو دوسری طرف انڈیا کو خطے کا ٹائیگر بنانے کے لیے پیش پیش ہے۔ اب وقت آگیا ہے کہ پاکستان کے دوست دشمن کی پہچان ہو۔ پاکستان کی خارجہ پالیسی دشمن تراش پالیسی رہی ہے۔ یوم آزادی کا تقاضا ہے کہ ہم ستر سالہ تاریخ پر نگاہ کرے اور اپنی پالیسی پر نظر ثانی کر کے ملکی مفاد پر مبنی پالیسی ترتیب دیں۔
خبر کا کوڈ : 560431
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش