0
Sunday 14 Aug 2016 22:47

وطن عزیز کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت ہم سب پر فرض ہے، شیخ نیئر مصطفوی

وطن عزیز کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت ہم سب پر فرض ہے، شیخ نیئر مصطفوی
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے سیکرٹری جنرل علامہ نیئر عباس مصطفوی نے کہا ہے کہ یوم آزادی یوم تشکر ہے اور اس دن خداوند عالم نے مسلمانوں کیلئے ایک علٰحیدہ مملکت کو عطا کیا۔ اس عظیم نعمت کے حصول میں قائداعظم محمد علی جناح کی شبانہ روز جدوجہد اور ہزاروں افراد کی قربانیاں شامل ہیں۔ وطن عزیز کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت ہر شہری کا اولین فریضہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس آزاد ریاست کا خواب قائداعظم اور علامہ اقبال نے دیکھا تھا وہ آج تک شرمندہ تعبیر نہ ہوسکا ہے اور یہ اس ملک کے نااہل حکمرانوں کی کارستانیوں کا نتیجہ ہے۔ کبھی آمریت نے اور کبھی جمہوریت کے نام پر ملک کی بنیادوں کو کھوکھلا کر دیا گیا۔ اپنے ذاتی پسند ناپسند کی بنیاد پر حکمران ملکی وسائل سے ہاتھ صاف کرتے رہے اور آزادی کے کئی سال بعد بھی آج تلک انگریزوں کی غلامی سے نہیں نکل سکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو غیر مستحکم کرنے میں موروثی سیاست کاروں، جاگیرداروں اور استعماری طاقتوں کے گماشتوں کا بڑا کردار رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج ہمیں یہ عہد کرنا ہوگا کہ اندرونی و بیرونی دشمنوں سے مقابلہ کرنے کیلئے ہر قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے۔ گلگت بلتستان کے غیور عوام ملک عزیز کے اتنے ہی وفادار جتنے کہ دوسروں صوبوں کے عوام ہیں اور ستر سالوں سے حقوق سے محروم رہتے ہوئے بھی ملک سے وفاداری کا دم بھرتے ہیں اور ہمارے جوان ملک کی سرحدات کی حفاظت میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں۔ گلگت بلتستان کے عوام کو ان کی وفاداری کا صلہ ملنا چاہیے تھا جو کہ ابھی تک انہیں نہیں مل سکا ہے۔ ملکی معاشی استحکام کی شہ رگ سی پیک میں گلگت بلتستان کے عوام کا حقوق کا تحفظ ریاست کی اولین ذمہ داری ہے، لہٰذا حکومت یہاں کے عوام کے تحفظات کو دور کرے اور جملہ مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرکے قائداعظم اور علامہ اقبال کے ادھورے خواب کو شرمندہ تعبیر کرے۔
خبر کا کوڈ : 560549
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش