0
Sunday 14 Aug 2016 09:05
اسرائیل زیادہ دیر تک صفحہ ہستی پر باقی نہیں رہے گا

استقامت نے لبنان کیخلاف امریکی اور اسرائیلی جارحیت کے مقاصد کو خاک میں ملا دیا، سید حسن نصراللہ

استقامت نے لبنان کیخلاف امریکی اور اسرائیلی جارحیت کے مقاصد کو خاک میں ملا دیا، سید حسن نصراللہ
اسلام ٹائمز۔ حزب اللہ لبنان کے سربراہ سید حسن نصراللہ نے کہا ہے کہ اسرائیل زیادہ دیر تک قائم نہیں رہے گا۔ ارنا کی رپورٹ کے مطابق حزب اللہ لبنان کے سربراہ سید حسن نصراللہ نے تینتیس روزہ جنگ میں اسلامی استقامت کی کامیابی کو دس سال مکمل ہونے کے موقع پر ہفتے اور اتوار کی درمیانی رات تقریر کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل زیادہ دیر تک صفحہ ہستی پر باقی نہیں رہے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ سنہ دو ہزار چھ میں امریکہ نے لبنان کے خلاف جارحیت کا فیصلہ کیا تھا، جسے اسرائیل نے عملی جامہ پہنایا تھا۔ سید حسن نصراللہ نے کہا کہ استقامت نے لبنان کے خلاف امریکی اور اسرائیلی جارحیت کے مقاصد کو خاک میں ملا دیا اور تاریخی اور اسٹریٹیجک کامیابی حاصل کی۔ حزب اللہ لبنان کے سربراہ کا کہنا تھا کہ تینتیس روزہ جنگ میں استقامت کی کامیابی کے نتیجے میں اسرائیل اندر سے ٹوٹ پھوٹ گیا، فوجی حکام اور فوجی ایک دوسرے پر الزامات لگاتے رہے، بعض فوجی افسروں نے استعفٰی دے دیا، بعض کو برطرف کر دیا گیا اور کمانڈروں اور فوجیوں کا ایک دوسرے پر اعتماد ختم ہوگیا۔

سید حسن نصراللہ نے اس بات پر تاکید کرتے ہوئے کہ حزب اللہ دہشت گرد گروہوں کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن پر رہے گی، کہا کہ امریکی حکومت القاعدہ، داعش اور جبھۃ النصرہ جیسے دہشت گرد گروہوں کو ہمارے خطے میں بدامنی پیدا کرنے کے لئے وجود میں لائی ہے۔ حزب اللہ لبنان کے سربراہ کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے پاس تکفیری دہشت گردوں کے ساتھ جنگ کرنے کے علاوہ کوئی اور آپشن نہیں ہے اور ہر گزرنے والے دن زیادہ واضح ہو رہا ہے کہ شام میں حزب اللہ کا جانا درست اقدام ہے۔ دیگر ذرائع کے مطابق حزب اللہ کے سربراہ حسن نصراللہ نے کہا ہے کہ امریکہ کی ری پبلکن پارٹی کے شعلہ بیان صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ مبارک باد کے مستحق ہیں کہ انہوں نے حقیقت بیان کی ہے کہ داعش کا بانی امریکہ ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق لبنان کے جنوب میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے حسن نصراللہ نے کہا کہ یہ ایک امریکی صدارتی امیدوار ہیں، جنھوں نے یہ بات کہی ہے کہ داعش کا بانی امریکہ ہے، انھوں نے جو کچھ کہا ہے، وہ حقائق اور دستاویزات پر مبنی ہے۔
خبر کا کوڈ : 560606
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش