QR CodeQR Code

پاک امریکہ عسکری قیادت کی ملاقات،پاکستانی فوج کی دہشتگردی کیخلاف قربانیوں کو تسلیم کرنا ہو گا،جنرل کیانی

24 Feb 2011 00:28

اسلام ٹائمز:چیف آف آرمی سٹاف جنرل اشفاق پرویز کیانی نے عمان میں امریکی عسکریں قائدین جنرل مائیکل مولن، جنرل ڈیوڈ پیٹریاس، جنرل جیمز میٹس اور امریکی فوج کے اسپیشل آپریشنز کے کمانڈر ایڈمرل ایرک ولسن اور دیگر سے ملاقاتیں کیں


عمان:اسلام ٹائمز۔ آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی نے امریکی عسکری قیادت سے ملاقات میں کہا ہے کہ پاکستانی سپاہیوں نے دہشت گردی کیخلاف بہادری سے لڑتے ہوئے بڑی قربانیاں دی ہیں، جنہیں تسلیم کرنا ہو گا۔ چیف آف آرمی سٹاف جنرل اشفاق پرویز کیانی نے عمان میں امریکی عسکریں قائدین جنرل مائیکل مولن، جنرل ڈیوڈ پیٹریاس، جنرل جیمز میٹس اور امریکی فوج کے اسپیشل آپریشنز کے کمانڈر ایڈمرل ایرک ولسن اور دیگر سے ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں میں کراس بارڈر کمیونی کیشن معلومات کے تبادلے، دونوں طرف سے آپریشن کی تازہ ترین صورتحال اور علاقائی ترقی کیلئے بنیادی ڈھانچے کی فراہمی پر غور کیا گیا۔ اس موقع پر جنرل اشفاق کیانی نے کہا کہ پاکستانی سپاہی دہشت گردی کیخلاف بڑی دلیری سے لڑے، اور اس جنگ کی بھاری قیمت ادا کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے دی گئی قربانیوں کو تسلیم کرنا ہو گا۔ ملاقات میں ڈی جی ملٹری آپریشن میجر جنرل جاوید اقبال اور بریگیڈیئر سعید بھی موجود تھے۔ یہ اگست دو ہزار آٹھ کے بعد تمام امریکن کمانڈرز کی آرمی چیف جنرل کیانی سے تیسری مشترکہ ملاقات تھی۔ 
اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان اور امریکہ کی اعلیٰ فوجی قیادت کے مابین عمان کے دارالحکومت مسقط میں مذاکرات ہوئے مذاکرات میں پاکستانی وفد کی نمائندگی آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی نے کی، جس میں ڈی جی ایم او میجر جنرل جاوید اقبال اور بریگیڈیئر محمد سعید شامل تھے۔
امریکی وفد میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف ایڈمرل مائیکل مولن، امریکی سینٹرل کمانڈ کے کمانڈر جنرل جیمز میٹس، امریکی اسپیشل آپریشنز کمانڈ کے کمانڈر ایڈمرل ایرک اولسن اور افغانستان میں نیٹو کمانڈر جنرل ڈیوڈ پیٹریاس شامل تھے۔
جنرل اشفاق پرویز کیانی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں گرانقدر کامیابیاں ہوئیں، اس باہمی رابطے، انتہاپسندی کے خلاف اقدامات میں تعاون بڑھانے اور ایک دوسرے کے موقف کو سمجھنے میں مدد بھی ملی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی جوانوں نے دہشت گردی کے خلاف جوان مردی سے لڑتے ہوئے بھاری قیمت چکائی ہے، ان کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔ ملاقات میں آپریشنل امور، انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ اور اطلاعات کے تبادلے کے امور پر بھی بات چیت ہوئی۔ جنرل اشفاق پرویز کیانی نے عمان کی مسلح افواج کے سربراہ سے بھی ملاقات کی۔


خبر کا کوڈ: 56099

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/56099/پاک-امریکہ-عسکری-قیادت-کی-ملاقات-پاکستانی-فوج-دہشتگردی-کیخلاف-قربانیوں-کو-تسلیم-کرنا-ہو-گا-جنرل-کیانی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org