0
Friday 19 Aug 2016 12:53

ایم کیو ایم کو منتخب ایوانوں سے باہر نہیں جانے دیں گے، خورشید شاہ

ایم کیو ایم کو منتخب ایوانوں سے باہر نہیں جانے دیں گے، خورشید شاہ
اسلام ٹائمز۔ پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کے اعتراضات کا سدباب کیا جائے، ملک میں آئین سے کھلواڑ ہو رہا ہے، جس سے قانون کا مذاق اڑایا جا رہا ہے، ان خیالات کا اظہار انھوں نے نوید قمر کے ہمراہ کراچی پریس کلب کے باہر ایم کیو ایم کے تادم مرگ بھوک ہڑتالی کیمپ کے دورے کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ خورشید شاہ نے کہا کہ آج ہمارے یہاں آنے کا مقصد ایم کیو ایم سے اظہارِ یکجہتی کرنا ہے، ایم کیو ایم سندھ کی دوسری اور ملک کی چوتھی بڑی سیاسی جماعت ہے، اس کو منتخب ایوانوں سے باہر نہیں جانے دیں گے۔ رہنما پیپلز پارٹی نے کہا کہ میں سندھ حکومت اور وفاقی حکومت سے کہوں گا کہ وہ اس کا سدباب کرے، ریاست کو اگر بے یار و مددگار چھوڑا جائے گا، تو اس کے بہت خطرناک نتائج سامنے آتے ہیں۔

خورشید شاہ نے کہا کہ ہم نے بہت کچھ کھویا، اب وقت آگیا ہے کہ ہم سب کو ملکر سوچنا چاہیے، ایم کیو ایم کے جو اعتراضات ہیں، اگر صحیح ہیں تو ان کا حل نکالا جائے، اور غلط ہیں تو بھی اس کا حل تلاش کرنا چاہیے۔ انھوں نے کہا کہ یہ ریاست ہم سب کی ہے، ہمارے بزرگوں نے اس کیلئے بے پناہ قربانیاں دی ہیں، ایم کیوایم کے اعتراضات پر اب بیٹھ جانا چاہیے، ایوان میں بات نہیں سنی جائے گی تو اس کے نتائج اچھے نہیں ہونگے، جمہوریت کو خطرہ ہوگا اور آنے والی نسلیں ہم سے سوالات پوچھیں گی۔ خورشید شاہ نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ جوان ہیں، وہ فیصلہ کر سکتے ہیں، یقینا میری آواز ان تک جائے گی اور میں اس مسئلے پر ان سے بات بھی کرونگا، مگر جو اسٹیٹ کے سربراہان ہیں، یہ اُن کا فرض بنتا ہے کہ وہ کچھ کریں۔
خبر کا کوڈ : 561571
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش