0
Sunday 21 Aug 2016 19:25

سیاسی اور انقلابی اسلام کی برکت سے آج امریکہ مغربی ایشیا میں ناکامی کا شکار ہوچکا ہے، سید علی خامنہ ای

سیاسی اور انقلابی اسلام کی برکت سے آج امریکہ مغربی ایشیا میں ناکامی کا شکار ہوچکا ہے، سید علی خامنہ ای
اسلام ٹائمز۔ فارس نیوز ایجنسی کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ العظمٰی سید علی خامنہ ای نے آج صبح ملک بھر سے آئے ہوئے امام مساجد کے عظیم اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مساجد کو اجتماع، مشاورت، مزاحمت، منصوبہ بندی اور سماجی و ثقافتی تحریک کا مرکز قرار دیتے ہوئے عوام میں دینی ایمان کی تقویت پر زور دیا۔ امام خامنہ ای نے آج 21 ستمبر کو مسجد ڈے قرار دیئے جانے کا فلسفہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ آج کے دن اسرائیل کی غاصب صیہونی رژیم نے مسجد اقصٰی کو آگ لگا دی، جس کے ردعمل میں ایران کی تجویز پر اسلامک کانفرنس تنظیم نے امت مسلمہ کی جانب سے صیہونی عزائم کا مقابلہ کرنے کیلئے اس دن کو "مسجد ڈے" کے طور پر منانے کا اعلان کر دیا۔ ولی امر مسلمین امام خامنہ ای نے مساجد کو محوریت اور مرکزیت عطا کئے جانے کو امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ کے عظیم کارناموں میں سے ایک کارنامہ قرار دیا اور کہا کہ مسجد مختلف قسم کی سماجی اور ثقافتی سرگرمیوں کا مرکز ہے، جو عوام کی نظریاتی تربیت اور انہیں سماجی سرگرمیوں کی ترغیب دلانے میں انتہائی اہم اور بنیادی کردار ادا کرتی ہے۔

آیت اللہ العظمٰی سید علی خامنہ ای نے اسلام دشمن عناصر کی جانب سے ثقافتی اثرورسوخ بڑھانے کی کوششوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اس عظیم تحریک کی بقا عوام کے دینی ایمان پر استوار ہے اور ایمان وہی عامل ہے، جس نے اسلامی انقلاب کی کامیابی اور اسلامی جمہوریہ کی تشکیل میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ ولی امر مسلمین امام خامنہ ای نے ایران میں اسلامی انقلاب کی کامیابی کو عالمی تسلط پسندانہ نظام کی بنیادیں ہلا دینے والا شدید زلزلہ قرار دیا اور کہا: "انقلابی اسلام اور اسلامی انقلاب کی برکت سے عالمی استعماری قوتیں اپنے اصلی مقصد یعنی خطے پر حکمرانی میں ناکام ہوچکی ہیں اور آج امریکہ مغربی ایشیا میں مکمل طور پر شکست کا شکار ہوچکا ہے۔ اگر عوام میں ایمان کا جذبہ اور اسلامی احکام کی پابندی نہ ہوتی تو آج ایران بھی دیگر ممالک کی طرح امریکہ یا کسی اور طاقت کے زیر سایہ قرار پا چکا ہوتا۔ لہذا وہ ہمارے اس ایمان کے شدید دشمن ہیں اور یہ دشمنی ہرگز ختم نہیں ہوگی۔"

ولی امر مسلمین امام خامنہ ای نے کہا کہ امام مسجد یا پیش نماز کا کام صرف چند وقت کی نماز باجماعت تک ہی محدود نہیں بلکہ ایسی سوچ ایک سیکولر سوچ ہے، جو دین کو صرف شخصی اعمال اور امور میں محدود کر دیتی ہے اور افراد کو سماجی اور سیاسی امور میں مداخلت سے باز رکھتی ہے۔ آیت اللہ العظمٰی سید علی خامنہ ای نے کہا: "استعماری طاقتوں کو سیکولر اسلام اور عبادات کے دائرے تک محدود اسلام سے کوئی خطرہ نہیں، چاہے ایسے اسلام کے بڑے پیمانے پر طرفدار اور حامی ہی کیوں نہ ہوں، بلکہ عالمی تسلط پسندانہ قوتیں ایسے "مقتدر اسلام" کی دشمن ہیں جو ایک سماجی اور سیاسی نظام متعارف کرواتا ہے اور اقوام عالم کو دنیا اور آخرت کی حقیقی سعادت کی طرف ہدایت اور رہنمائی کرتا ہے۔"
خبر کا کوڈ : 562130
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش