QR CodeQR Code

سرائیکی صوبے کا انتظار نفرت کا روپ دھار رہا ہے، ظہور دھریجہ

21 Aug 2016 19:38

اسلام ٹائمز: ملتان سے جاری بیان کے مطابق سرائیکستان قومی کونسل کے صدر کا کہنا تھا کہ وسیب سے ووٹ لیکر اسمبلیوں میں جانے والے ارکان اسمبلی گونگے بنے رہے تو ہم ان کی زبانیں آنتڑیوں سمیت کھینچ لیں گے۔


اسلام ٹائمز۔ سرائیکی صوبے کا انتظار نفرت کا روپ دھار رہا ہے، وسیب کے ارکان اسمبلی گونگے بنے رہے تو نوجوان ان کی زبانیں آنتڑیوں سمیت کھینچ لیں گے۔ ان خیالات کا اظہار سرائیکستان قومی کونسل کے صدر ظہور دھریجہ سندھ کے ایک ہفتے کے دورے سے واپسی پر پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں وسیب کے پڑھے لکھے نوجوان بے روزگاری کے باعث تغاریاں اٹھانے پر مجبور ہیں اور وہ اس انتظار میں ہیں کہ سرائیکی صوبہ بنے ہم اپنے وسیب واپس جائیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کا انتظار نفرت میں تبدیل ہو رہا ہے۔ کراچی میں سرائیکی کانفرنس اور سرائیکستان ریلی میں نوجوانوں کا خطاب لاہور اور تخت پشور کے ساتھ ساتھ ان کے جاگیردار، تمندار اور آبادکار ایجنٹوں کے خلاف نفرت آمیز تھا، نوجوان واضح کہہ رہے تھے کہ وسیب سے ووٹ لیکر اسمبلیوں میں جانے والے ارکان اسمبلی گونگے بنے رہے تو ہم ان کی زبانیں آنتڑیوں سمیت کھینچ لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وسیب کے لوگوں کے صبر کا مزید امتحان نہ لیا جائے، رنجیت سنگھ کے قبضے کے بعد پنجاب نے 200 سالوں میں وسیب کا بہت استحصال کر لیا اب وسیب کے لوگوں کو ان کا حق صوبہ سرائیکستان دیا جائے۔ ظہور دھریجہ نے مزید کہا کہ بجلی کے صارفین پر لاہور ٹرانسمیشن لائن کے نام پر دو سو ارب کا ٹیکس لگانا بہت بڑا ظلم ہے، سرائیکی وسیب سمیت چھوٹے صوبوں میں اس اقدام کے خلاف نفرت پائی جاتی ہے۔


خبر کا کوڈ: 562133

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/562133/سرائیکی-صوبے-کا-انتظار-نفرت-روپ-دھار-رہا-ہے-ظہور-دھریجہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org