QR CodeQR Code

ڈی آئی خان، معمولی نوعیت کے مقدمات تھانوں میں حل کئے جائینگے، یاسر آفریدی

23 Aug 2016 21:17

اسلام ٹائمز: یو این ڈی پی کے زیراہتمام پولیس لائن ڈیرہ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی پی او ڈیرہ کا کہنا تھا کہ پولیس اور عوامی رابطہ پراجیکٹ کے تحت ڈی آئی خان کے تین تھانوں صدر، کینٹ اور پنیالہ کو ماڈل تھانہ بنایا جارہا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لیفٹینٹ کمانڈر (ر) یاسر آفریدی نے کہا ہے کہ پی آر ڈی ایس اور یو این ڈی پی کے تعاون سے محکمہ پولیس اور عوامی رابطہ پراجیکٹ کے تحت ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے تین تھانوں تھانہ صدر، تھانہ کینٹ اور تھانہ پنیالہ کو پائلٹ کے تحت ماڈل تھانہ بنایا جارہا ہے۔ پیسوں کے لین دین، جائیداد کی تقسیم اور چھوٹے چھوٹے جھگڑوں وغیرہ کے حوالے سے نئے پراجیکٹ کے تحت مسائل سے نجات ملے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پولیس لائن میں یو این ڈی پی کے تعاون سے پی آر ڈی ایس کے زیر اہتمام ’’محکمہ پولیس اور عوامی رابطہ پراجیکٹ ‘‘ کی افتتاحی تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں ممبر ضلع کونسل محمد حنیف پیپا ایڈوکیٹ، ایوان زراعت کے صدر حاجی عبدالرشید دھپ، علامہ رمضان توقیر، قاری خلیل احمد سراج، سابق ایم پی اے مظہر جمیل علیزئی، حاجی اللہ بخش سپل سمیت بڑی تعداد میں منتخب نمائندوں، ڈی آر سی ممبران، ممبران ضلع کونسل اور پولیس کے افسران موجود تھے۔

سے خطاب کرتے ہوئے ڈی پی او یاسر آفریدی نے کہا کہ یو این ڈی پی کے کمیونٹی پولیسنگ کے پراجیکٹ سے تھانہ کلچر کا خاتمہ ہوگا۔ معاشرے کی اصلاح کیلئے کمیونٹی پولیسنگ پراجیکٹ کا اہم کردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ عوام عدالتوں اور تھانوں کی بجائے اپنے مسائل مل بیٹھ کر حل کریں۔ ان پر کوئی مالی بوجھ نہ پڑے اور وقت کا ضائع نہ ہوسکے۔ محکمہ پولیس اور عوامی رابطہ پراجیکٹ کے دائرہ کار کو مستقبل میں مزید وسیع کیا جائے گا اور دیگر تھانوں تک اس پراجیکٹ کو وسعت دی جائے گی۔ پی آر ڈی ایس / یو این ڈی پی کے پراجیکٹ ڈائریکٹر سید علی شاہ نے اپنے خطاب میں بتایا کہ محکمہ پولیس اور عوامی رابطہ پراجیکٹ خیبر پختونخوا کے دس اضلاع کے 37 تھانوں میں شروع کیا گیا ہے۔ اس پراجیکٹ کے تحت تھانہ جات کے کمرہ جات کی تعمیر کے علاوہ ان کو کمپیوٹرز، پرنٹرز، یو پی ایس سمیت دیگر سہولیات مہیا کی جائیں گی، پراجیکٹ کے حوالے سے سیمنارز، واک اور کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا جائے گا۔ اس پراجیکٹ کے ذریعے چھوٹے جرائم، جواء اور منشیات سمیت دیگر مسائل کو حل کرنا ہے تاکہ تھانوں پر مقدمات اور مسائل کا بوجھ کم ہوسکے۔


خبر کا کوڈ: 562685

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/562685/ڈی-ا-ئی-خان-معمولی-نوعیت-کے-مقدمات-تھانوں-میں-حل-کئے-جائینگے-یاسر-آفریدی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org