0
Wednesday 24 Aug 2016 20:33

جنوبی مقبوضہ کشمیر میں پولیس کا کریک ڈاؤن، 381 نوجوان گرفتار

جنوبی مقبوضہ کشمیر میں پولیس کا کریک ڈاؤن، 381 نوجوان گرفتار
اسلام ٹائمز۔ جنوبی مقبوضہ کشمیر کے 4 اضلاع میں احتجاجی ایجی ٹیشن میں حصہ لینے والوں کے خلاف 500 کیس درج کئے گئے ہیں۔ گزشتہ 45 روز کے دوران جنوبی کشمیر میں 381 نوجوانوں کو حراست میں لیا جاچکا ہے۔ سرکاری طور پر بتایا گیا ہے کہ جنوبی کشمیر کے اننت ناگ، کولگام، پلوامہ اور شوپیاں اضلاع میں تمام پولیس تھانے اور پولیس پوسٹ کام کررہے ہیں۔ پولیس تھانے دیگر سکیورٹی ایجنسیوں کے ساتھ دن رات امن و امان کی صور تحال بحال رکھنے میں مصروف ہیں۔ گزشتہ 45 روز کے دوران پولیس نے مختلف تھانوں کے اندر 537 کیس ایسے افراد کیخلاف درج کئے ہیں۔ جنہوں نے آگ زنی یا پتھراؤ میں حصہ لیا ہے۔ اس دوران چھاپہ مار کارروائیوں کے نتیجہ میں 381 افراد کو گرفتار بھی کیا جاچکا ہے۔ سرکاری طور پر یہ بھی بتایا گیا ہے کہ، گرفتاریوں کے دوران قابض فورسز کو طاقت کا استعمال بھی کرنا پڑا جس کے دوران کئی فورسز اہلکار اور شہری زخمی ہوئے۔ سرکاری ترجمان کا کہنا ہے کہ قابض فورسز کی یہ کارروائی امن و امان کی صورتحال معمول پر لانے تک برقرار رہے گی۔ ترجمان نے کہا کہ پولیس صورتحال کو قابو کرنے کے عمل میں پیش پیش رہی۔ ترجمان کے مطابق پولیس نے صورتحال کا سامنا کرتے ہوئے صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا، حالانکہ انہیں اکسایا بھی گیا اور ان کی تنصیبات اور گاڑیوں پر حملے بھی کئے گئے۔ ترجمان نے ان اطلاعات کو غلط قرار دیا کہ وادی کشمیر میں جنگجوؤں کے تربیتی کیمپ موجود ہیں۔ ان کا کہنا تھا ’’ترال میں جاری نامساعد حالات کو دیکھتے ہوئے سکیورٹی فورسز کی بھاری تعیناتی موجود ہے اور ایسی کوئی اطلاع نہیں ہے کہ علاقہ میں جنگجوؤں کا کوئی تربیتی کیمپ چل رہا ہے۔ یاد رہے کہ کشمیر میں برہان وانی کی ہلاکت کے بعد عوامی احتجاجی لہر جاری ہے، جس کے دوران اب تک 70 کے قریب انسانی جانیں تلف ہوئیں جبکہ ہزاروں کی تعداد میں لوگ زخمی ہوگئے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 562893
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش