0
Saturday 27 Aug 2016 23:31

ملک دشمن نعرے ہمارے لئے ناقابل برداشت ہیں، سفیر شہانی

ملک دشمن نعرے ہمارے لئے ناقابل برداشت ہیں، سفیر شہانی
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین ضلع بھکر کے سیکرٹری جنرل سفیر حسین خان شہانی ایڈووکیٹ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ کسی بھی ذمہ دار سیاسی و مذہبی جماعت کی طرف سے اس طرح کے غیر جمہوری طرز عمل کی توقع نہیں کی جاسکتی، پاکستانی میڈیا اپنے فرائض کی ادائیگی پوری دیانتداری کے ساتھ کر رہا ہے، کوئی بھی محب وطن جماعت کسی بھی ایسے اقدام کی قطعاً حمایت نہیں کرتی جو پاکستان کی نظریاتی سرحدوں سے متصادم ہو۔ پرامن جدوجہد کرنا، وطن عزیز کی سلامتی کے لئے عملی اقدامات کرنا اور ملک دشمن قوتوں کے چہروں سے ہمیشہ نقاب اٹھانا مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی بنیادی پالیسی کا حصہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی، صوبائی اور تمام تر ضلعی ذمہ داران و کارکنان اے آر وائی نیوز چینل پر حملے اور ملک دشمن نعرے لگائے جانے کی سخت مذمت کرتے ہیں۔ ارض پاک ہماری شناخت اور ہمارے اسلامی تشخص کی نگہبان ہے۔ پاکستان کے خلاف نعرے ملک دشمن قوتوں کی شر انگیز سوچ کی عکاسی کرتے ہیں۔ سیاسی و مذہبی جماعتوں کے کارکنوں کو کسی شرانگیزی کا حصہ نہیں بننا چاہیے۔ ملک کی تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کو چاہیے کہ وہ اپنے مطالبات منوانے کے لئے آئینی و قانونی راستے کا استعمال کریں۔ میڈیا کے معاملات میں بے جا مداخلت نامناسب اور صحافیوں کی پیشہ وارانہ فرائض کی ادائیگی میں رکاوٹ ہے۔ جس کو مجلس وحدت مسلمین کے کارکنان ناپسندیدہ عمل و فکر قرار دے چکے ہیں، مجلس وحدت مسلمین پاکستان وطن عزیز کی سلامتی کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔
خبر کا کوڈ : 563606
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش