QR CodeQR Code

راجہ فاروق کی گورنر کے پی کے سے ملاقات

28 Aug 2016 10:01

اسلام ٹائمز: وزیراعظم آزاد کشمیر نے گذشتہ روز گورنر ہائوس پشاور میں اقبال ظفر جھگڑا سے ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ پاکستان کی منتخب حکومت کشمیریوں کی اخلاقی و سفارتی حمایت جاری رکھے گی۔


اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر راجہ فاروق خان نے گورنر خیبرپختونخوا اقبال ظفر جھگڑا سے ہفتہ کے روز گورنر ہاؤس پشاور میں ملاقات کی۔ وہ کچھ دیر گورنر کے ساتھ رہے اور باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم نے مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال سے گورنر کو آگاہ کیا۔ گورنر اقبال ظفر جھگڑا نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ اور کشمیر تکمیل پاکستان کا نامکمل ایجنڈا ہے جسے پورا کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی منتخب حکومت کشمیریوں کی اخلاقی و سفارتی حمایت جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میں جاری جدوجہد میں تیزی آئی ہے اور وہ دن دور نہیں جب کشمیر پاکستان کا حصہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت قابل مذمت ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں عالمی برادری کیلئے سوالیہ نشان ہیں، وزیراعظم نوازشریف نے مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کیلئے 22 پارلیمنٹیرین مقرر کیے ہیں یہ فیصلہ انتہائی خوش آئند ہے، اس سے مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کا مقدمہ بیرونی دنیا میں پیش کیا جائیگا۔ گورنر نے راجہ فاروق کو الیکشن میں دوتہائی اکثریت سے کامیابی پر مبارکباد دی اور کہا کہ کشمیر میں مسلم لیگ (ن) کی تاریخی کامیابی وزیراعظم نوازشریف، وفاقی حکومت کی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار ہے۔ راجہ فاروق خان کی قیادت میں حکومت آزادکشمیر میں تعمیر و ترقی کے ساتھ مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کیلئے بہتر طریقے سے کردار ادا کرے گی۔


خبر کا کوڈ: 563678

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/563678/راجہ-فاروق-کی-گورنر-کے-پی-سے-ملاقات

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org