QR CodeQR Code

سی آئی اے کے تین سو سے زائد ایجنٹوں کی ملک میں موجودگی اور طالبان کے روپ میں پاک آرمی پر حملوں کا انکشاف

26 Feb 2011 10:39

اسلام ٹائمز:آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی نے امریکی فوجی قیادت سے ملاقات میں واضح کر دیا ہے کہ پاکستان میں امریکیوں نے طالبان کا روپ دھار رکھا ہے اور وہ پاکستان آرمی کے خلاف حملوں اور ملک دشمن کارروائیوں میں ملوث پائے گئے ہیں جس کے ثبوت موجود ہیں


اسلام آباد:اسلام ٹائمز۔ حساس اداروں نے امریکی خفیہ ایجنسی سی آئی اے کے تین سو چونسٹھ اہلکاروں کی پاکستان میں موجودگی کا انکشاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ پاکستان میں ملک دشمن کارروائیوں میں ملوث ہے۔ ذرائع کے مطابق تین روز قبل اعلیٰ حکام کو ارسال کی گئی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان میں تین سو چونسٹھ سی آئی اے ایجنٹ موجود ہیں جو ملک دشمن کارروائیوں میں ملوث ہیں اور پاکستان سے فرار کے راستے تلاش کر رہے ہیں۔ دوسری طرف امریکا نے بھی سی آئی اے ایجنٹوں کی پاکستان سے باحفاظت واپسی کی کوششیں شروع کر دی ہیں۔ ان خفیہ معلومات کی روشنی میں حساس اداروں نے ملک کے داخلی اور خارجی راستوں کی کڑی نگرانی شروع کر دی ہے۔
ساتھ ہی حساس اداروں نے گزشتہ تین سال کے دوران امریکا سے پاکستان آنے جانے والوں کے مکمل کوائف اور مطلوبہ معلومات پر مشتمل تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ خفیہ اداروں نے وزارت داخلہ اور خارجہ کو روزانہ کی بنیاد پر معلومات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی نے امریکی فوجی قیادت سے ملاقات میں واضح کر دیا ہے کہ پاکستان میں امریکیوں نے طالبان کا روپ دھار رکھا ہے اور وہ پاکستان آرمی کے خلاف حملوں اور ملک دشمن کارروائیوں میں ملوث پائے گئے ہیں جس کے ثبوت موجود ہیں۔ ان ثبوتوں کو وقت آنے پر منظر عام پر لایا جاسکتا ہے۔


خبر کا کوڈ: 56380

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/56380/سی-آئی-اے-کے-تین-سو-سے-زائد-ایجنٹوں-کی-ملک-میں-موجودگی-اور-طالبان-روپ-پاک-آرمی-پر-حملوں-کا-انکشاف

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org