0
Tuesday 30 Aug 2016 00:14

مغربی اور ہندوانہ کلچر کی ترویج کا مقصد بے راہ روی کا فروغ ہے، علامہ احمد اقبال رضوی

مغربی اور ہندوانہ کلچر کی ترویج کا مقصد بے راہ روی کا فروغ ہے، علامہ احمد اقبال رضوی
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ احمد اقبال رضوی نے کہا ہے کہ عالمی طاغوت اپنی پوری طاقت اور وسائل کے ساتھ امت مسلمہ کے خلاف برسرپیکار ہے۔ اسلام کی حقانیت اور عظمت رفتہ سے خائف یہ مذموم طاقتیں عالم اسلام کو منتشر اور بدحال دیکھنے کے لئے بے قرار ہیں۔ طالبان، داعش، النصرہ اور اس جیسی دیگر تنظیمیں عالمی استکبار کی پیداوار ہیں، جن کا مقصد اسلام کے روشن چہرے کو بدنما کرکے دنیا کے سامنے پیش کرنا ہے، تاکہ مسلمانوں کی ساکھ اور اسلامی تشخص کو تباہ کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا مسلمانوں کو اسلام کی حقیقی تعلیمات سے دور کرنے کے لئے مختلف محاذوں پر تیزی سے کام جاری ہے۔ ثقافتی یلغار کے ہتھیار سے مغربی اور ہندوانہ کلچر کا فروغ، ٹی وی پروگراموں کے ذریعے پرتعیش رہن سہن کی ترغیب اور روشن خیالی کے نام پر بے راوی کی طرف مائل کیا جانا سب اسلام دشمنوں کی چالیں ہیں، جن کا مقصد اسلامی معاشرے کو اس کی بنیادی قدروں سے دور کرکے تنزلی کی طرف دھکیلنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دانشمندانہ اور بابصیرت اقدام سے ان سازشوں کو ناکام بنانے کی ضرورت ہے۔ ان سازشوں کا مقابلہ کرنے کے لئے امت مسلمہ کا اتحاد وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ اسلامی تشخص کی حفاظت کے لئے عالم اسلام کو یکجا ہونا پڑے گا۔ عالمی استکبار دوستی کے لبادے میں چھپا ہوا خطرناک دشمن ہے۔ جو حکمران یہود و نصاریٰ کو اپنا دوست سمجھتے ہیں، انہیں صدام اور قذافی کے انجام سے عبرت حاصل کرنی چاہیے۔ ہمارے تمام مسائل کا واحد حل اتحاد بین المسلمین میں مضمر ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام کے خلاف باطل طاقتیں ایک پلیٹ فارم پر جمع ہیں، جو مسلم حکمران یہود و نصاریٰ کی پیروی میں مگن ہیں، انہوں تاریخ میں غدار اور اسلام دشمن جیسے القاب سے یاد رکھا جائے گا۔ ایسے لوگ امت مسلمہ کی تنزلی کا باعث اور دین کے مجرم ہیں۔
خبر کا کوڈ : 563961
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش