0
Tuesday 30 Aug 2016 19:59

تحریک انصاف کی قیادت اور ناراض گروپ میں مذاکرات معطل

تحریک انصاف کی قیادت اور ناراض گروپ میں مذاکرات معطل
اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کی قیادت اور ناراض گروپ کے مابین مذاکرات کا سلسلہ ایک مرتبہ پھر ٹوٹ گیا ہے اور ناراض گروپ کے مطابق عمران خان نے ان کے گروپ میں شامل 2 آزاد ارکان صوبائی اسمبلی سے ملاقات سے انکار کرتے ہوئے موقف اپنایا ہے کہ ان کا تحریک انصاف سے کوئی تعلق نہیں، اسلئے ان کیساتھ ملاقات کی بھی کوئی ضرورت نہیں جبکہ ناراض گروپ نے بھی آزاد ایم پی ایز کے بغیر پارٹی قیادت سے ملاقات اور مذاکرات نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ وزیراعلیٰ پرویز خٹک کی جانب سے ناراض ارکان کو شوکاز نوٹسز کے اجرا اور ان کیخلاف کاروائی سے متعلق بیان پر آئندہ کا لائحہ عمل مرتب کرنے کیلئے ناراض گروپ کا اجلاس 3 ستمبر کو ایم این اے داورکنڈی کی رہائشگاہ پر طلب کرلیا گیا ہے، پاکستان تحریک انصاف کے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی اور دیرینہ رہنماؤں پر مبنی ناراض گروپ نے گزشتہ دنوں صوبائی حکومت کیخلاف احتجاجی تحریک کا لائحہ عمل تیار کرنے کیلئے پشاور میں ایم این اے خیال زمان کی رہائشگاہ پر اجلاس طلب کیا تھا تاہم اجلاس کے دوران تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے ٹیلی فون کرکے ناراض گروپ کو تحریک ملتوی کرکے بنی گالہ طلب کیا۔ جس کے اگلے ہی روز ناراض گروپ کے ارکان نے اسلام آباد میں کپتان سے ملاقات کی۔ جس میں نظریاتی گروپ نے صوبائی حکومت اور خاص کر وزیر اعلیٰ کیخلاف شکایات کے انبار لگا دئیے تھے۔ جس پر عمران خان نے 23 اگست کو صفائی کیلئے وزیراعلیٰ اور 26 اگست کو ناراض گروپ کو بنی گالہ طلب کیا تھا تاہم 26 اگست کو ناراض گروپ کے ارکان صوبائی اسمبلی اجلاس میں شرکت کیلئے اسلام آباد پہنچے اور پورا دن پختونخوا ہاؤس میں گزارا تاہم کپتان کی جانب سے ملاقات کیلئے کوئی بلاوا نہیں آیا اور آخر کار شام کو ناراض گروپ کے ایم پی ایز کو ملاقات کے بغیر ہی لوٹنا پڑا، ذرائع کے مطابق خیبر پختونخوا کے بعض وزرا کے اعتراض پر عمران خان نے ناراض گروپ میں شامل آزاد ارکان صوبائی اسمبلی سے ملاقات کرنے سے انکار کردیا تھا اور ان کا موقف تھا کہ آزاد ارکان کا پارٹی سے کوئی تعلق نہیں اس لئے ان کیساتھ ملاقات کا بھی کوئی فائدہ یا ضرورت نہیں۔ جس پر تحریک انصاف کی قیادت اور ناراض گروپ کے درمیان ڈیڈلاک پیدا ہوگیا تھا اور مذاکرات کا سلسلہ تاحال التوا کا شکار ہے جبکہ وزیراعلیٰ پرویز خٹک کی جانب سے میڈیا انٹرویو کے دوران ناراض گروپ کے ارکان کو شوکاز نوٹسز کے اجرا اور ان کیخلاف کاروائی سے متعلق بیان پر ناراض گروپ نے اپنا لائحہ عمل مرتب کرنے کیلئے 3 ستمبر کو ایم این اے داورکنڈی کی رہائشگاہ پر اپنا اجلاس طلب کرلیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 564096
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش