QR CodeQR Code

راجہ فاروق کی صدر پاکستان سے ملاقات

31 Aug 2016 09:15

اسلام ٹائمز: جناب ممنون حسین نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر میں بھارت کی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی طرف دنیا کی توجہ مبذول کرانے کے لیے موثر سفارت کاری کی ضرورت ہے۔


اسلام ٹائمز۔ صدر مملکت پاکستان ممنون حسین نے کہا ہے کہ کشمیر میں بھارت کی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی طرف دنیا کی توجہ مبذول کرانے کے لیے موثر سفارت کاری کی ضرورت ہے، پاکستان کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی مدد جاری رکھے گا۔ صدر مملکت نے یہ بات وزیراعظم پاکستان کے معاون خصوصی برائے خارجہ امور طارق فاطمی اور وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر راجہ فاروق خان سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، جنہوں نے ایوان صدر میں ان سے الگ الگ ملاقات کی۔ صدر مملکت نے راجہ محمد فاروق خان کو وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارک باد دی اور اس امید کا اظہار کیا کہ ان کی قیادت میں عوامی نمائندے لوگوں کی بے لوث خدمت کریں گے۔ صدر مملکت نے کہا کہ آزاد کشمیر میں عوام کے مسائل کا حل نئی حکومت کی ترجیح ہونی چاہیے اس سلسلے میں تمام عوامی منصوبوں میں شفافیت لانا ہو گی۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے صدر مملکت کو عوام کی بہتری کے لیے کیے گئے اقدامات سے متعلق آگاہ کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ عوام کی فلاح و بہبود کے لیے کام کریں گے۔ صدر مملکت نے کہا کہ ہر بین الاقوامی فورم پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میں کشیدہ صورت حال کا پاکستان جائزہ لے رہا ہے اور مذموم کارروائیوں کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔ پاکستان کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف دنیا کی توجہ مبذول کراتا رہے گا۔ مسئلہ کشمیر کو حل کیے بغیر امن قائم نہیں ہو سکتا۔ صدر مملکت نے اس امید کا اظہار کیا کہ پارلیمانی وفود مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کر کے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کا مطالبہ کریں گے۔ قبل ازیں وزیراعظم راجہ فاروق نے چیئرمین ہائیر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر مختار احمد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آزادکشمیر میں تعلیم کے ذریعے معاشی انقلاب لائیں گے۔ بھمبر سے تاؤ بٹ تک یکساں تعلیمی نصاب رائج کریں گے اور آزاد خطہ میں عوام کو یکساں تعلیمی مواقع فراہم کریں گے۔


خبر کا کوڈ: 564185

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/564185/راجہ-فاروق-کی-صدر-پاکستان-سے-ملاقات

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org