QR CodeQR Code

امریکہ کی موجودہ حکومت دہشتگردی کا خطرناک نیٹ ورک تیار کرنیکی ذمہ دار ہے

دشمن کو خوف میں مبتلا کرنے کیلئے دفاعی اور حملہ کرنیوالی صلاحیتوں میں اضافہ کرنا چاہیئے، سید علی خامنہ ای

اگر یہ سمجھیں کہ امریکی حکومت کیساتھ مذاکرات کرکے ہم کسی نتیجے پر پہنچ سکتے ہیں تو یہ بھول ہے

31 Aug 2016 15:30

اسلام ٹائمز: بدھ کو تہران میں وزارت دفاع کے عہدیداروں اور ماہرین سے خطاب میں رہبر انقلاب اسلامی کا کہنا تھا کہ کیمیائی اور ایٹمی ہتھیاروں جیسے عام تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں کو چھوڑ کر دفاعی صنعتوں کی توسیع و ترقی میں کسی قسم کی کوئی حد معین نہیں ہے۔ انہوں نے واضح طور پر کہا کہ کیمیائی اور ایٹمی ہتھیار بنانا دینی اور اعتقادی اعتبار سے منع ہے اور اس لحاظ سے ایران کی دفاعی توانائیوں کی توسیع میں حد بھی معین ہے۔


اسلام ٹائمز۔ رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمٰی سید علی خامنہ ای نے کہا ہے کہ دفاعی اور حملہ کرنے والی صلاحیتوں میں اضافہ کیا جانا چاہئے، تاکہ جارح قوتیں خوف محسوس کریں۔ رہبر انقلاب اسلامی نے بدھ کو وزارت دفاع کے عہدیداروں اور ماہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دفاعی اور حملہ کرنے والی صلاحیتوں میں اضافہ ایران کا مسلمہ اور قطعی حق ہے۔ انہوں نے دفاعی توانائیوں میں اضافے کے راستے کو جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایک ایسی دنیا میں جس پر جارح، منہ زور، تسلط پسند اور اخلاق، انسانیت اور ضمیر و وجدان سے عاری طاقتیں حکمفرما ہیں اور دیگر ممالک پر جارحیت اور بے گناہ انسانوں کا قتل عام کرنے اور دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کے بہانے شادی کی تقریبات اور اسپتالوں پر بمباری کرنے سے ذرہ برابر بھی دریغ نہیں کرتیں اور کسی بھی عالمی ادارے کو بھی جواب دہ نہیں ہیں، دفاعی اور حملہ کرنے والی صنعتوں کی توسیع و ترقی ایک فطری امر ہے، کیونکہ جب تک یہ طاقتیں ایران کی طاقت اور توانائی کا احساس نہیں کریں گی، اس وقت تک امن و سلامتی کو یقینی نہیں بنایا جا سکتا۔

آیت اللہ العظمٰی سید علی خامنہ ای نے کہا کہ کیمیائی اور ایٹمی ہتھیاروں جیسے عام تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں کو چھوڑ کر دفاعی صنعتوں کی توسیع و ترقی میں کسی قسم کی کوئی حد معین نہیں ہے۔ انہوں نے واضح طور پر کہا کہ کیمیائی اور ایٹمی ہتھیار بنانا دینی اور اعتقادی اعتبار سے منع ہے اور اس لحاظ سے ایران کی دفاعی توانائیوں کی توسیع میں حد بھی معین ہے۔ رہبر انقلاب اسلامی نے اسلامی جمہوریہ ایران کی اسٹریٹیجک پوزیشن، مغربی ایشیا کے علاقے کی حساس صورتحال اور اس علاقے پر تسلط پسند طاقتوں کی مستقل حریص و لالچی نظروں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ملک و قوم اور مستقبل کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لئے دفاعی توانائیوں میں اضافہ کرنے کے ساتھ ساتھ حملہ کرنے کی صلاحیتوں میں بھی اضافہ کرنے کی ضرورت ہے۔ رہبر انقلاب اسلامی نے کہا کہ امریکی حکومت کو  اسلامی جمہوریہ ایران کے بارے میں کوئی رائے قائم کرنے کا حق نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواہ امریکہ کی موجودہ حکمراں جماعت ہو یا وہ جماعت جو اس سے پہلے حکومت میں تھی، کسی کے پاس ایسا کرنے کا اخلاقی جواز نہیں ہے، کیونکہ امریکہ کی ان دونوں ہی جماعتوں نے طرح طرح کے مظالم و جرائم کا ارتکاب کیا ہے۔

آیت اللہ العظمٰی سید علی خامنہ ای نے امریکہ کی موجودہ حکومت کو دہشت گردی کا خطرناک نیٹ ورک تیار کرنے کا ذمہ دار قرار دیا اور کہا کہ امریکہ کی موجودہ حکومت ایک دہشت گرد گروہ پر بظاہر حملہ کرتی ہے اور دوسرے دہشت گرد گروہ کو مستثنٰی قرار دیتی ہے، جس کا مطلب اخلاق پر سیاست کو مقدم رکھنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کی سابق حکومت بھی عراق اور افغانستان میں ہونے والے بھیانک جرائم اور مظالم کی ذمہ دار ہے۔ رہبر انقلاب اسلامی نے کہا کہ عراق اور افغانستان میں لاکھوں بے گناہ انسان مارے گئے اور حتی ہزاروں عراقی دانشوروں کو امریکہ کی انسان دشمن بلیک واٹر کمپنی نے چن چن کر قتل کیا ہے، اس لئے امریکہ کی دونوں جماعتوں میں سے کوئی بھی اخلاقی لحاظ سے کسی پر برتری نہیں رکھتی ہے۔ رہبر انقلاب اسلامی نے کہا کہ ہمیں امریکہ میں ایسی ہی حکومتوں کا سامنا ہے، اب اس کے بعد بھی اگر یہ سمجھیں کہ امریکی حکومت کے ساتھ مذاکرات کرکے ہم کسی نتیجے پر پہنچ سکتے ہیں تو یہ بھول ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر میں امریکہ کے ساتھ مذاکرات نہ کرنے کی بات کرتا ہوں تو اس کی وجہ یہی ہے اور تجربے نے بھی ثابت کر دیا ہے کہ امریکی حکام  مذاکرات کے دوران کسی سمجھوتے پر پہنچنے کے بجائے اپنی مرضی مسلط کرنا چاہتے ہیں، جس کی واضح مثال یہی حالیہ مذاکرات رہے ہیں۔ اس سے پہلے رہبر انقلاب اسلامی نے حسینیہ امام خمینی میں وزارت دفاع میں تیار کئے گئے جدید ترین دفاعی ساز و سامان کی نمائش کا معائنہ کیا۔ اس نمائش میں جدید ترین میزائل سسٹم، ریڈار، بحریہ کا ساز و سامان، آپٹیکل آلات، ڈرون طیارے اور مواصلاتی نظام جیسے جدید ترین دفاعی ساز و سامان رکھے گئے ہیں۔ 


خبر کا کوڈ: 564395

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/564395/دشمن-کو-خوف-میں-مبتلا-کرنے-کیلئے-دفاعی-اور-حملہ-کرنیوالی-صلاحیتوں-اضافہ-کرنا-چاہیئے-سید-علی-خامنہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org