QR CodeQR Code

پنجاب حکومت کیجانب سے مطالبات پر عملدرآمد کی یقین دہانی، ایم ڈبلیو ایم کا 2 ستمبر کا دھرنا موخر کرنیکا اعلان

1 Sep 2016 20:21

اسلام ٹائمز: علامہ مبارک موسوی نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم پنجاب حکومت کے نمائندوں کو خوش آمدید کہتے ہیں اور وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار کے بھی مشکور ہیں کہ ہمارے مطالبات پر مثبت پیشرفت جاری ہے، لھذا ہم ان تمام معاملات کو دیکھتے ہوئے پنجاب حکومت کیجانب سے مکمل یقین دہانی پر 2 ستمبر کے دھرنے کو موخر کرنیکا اعلان کرتے ہیں، امید ہے کہ ہمیں اگلے کسی دھرنے کی تاریخ کا اعلان نہیں کرنا پڑیگا۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پنجاب گورنمنٹ کی جانب سے ایم این اے پرویز ملک اور خواجہ عمران نذیر نے ایم ڈبلیو ایم کے صوبائی سیکرٹریٹ لاہور میں مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ مبارک موسوی و دیگر رہنماوں سے ملاقات کی اور مجلس وحدت مسلمین کے رہنماوں کو وزیراعلٰی پنجاب اور وفاقی وزیر داخلہ کا پیغام پہنچاتے ہوئے پنجاب گورنمنٹ کی طرف سے یقین دہانی کروائی کہ آپ کے مطالبات پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے علامہ مبارک موسوی سے درخواست کی کہ وہ 2 ستمبر کے دھرنے کے اعلان کو واپس لیں۔ علامہ مبارک موسوی نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم پنجاب حکومت کے نمائندوں کو خوش آمدید کہتے ہیں اور وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار کے بھی مشکور ہیں کہ ہمارے مطالبات پر مثبت پیشرفت جاری ہے، لھذا ہم ان تمام معاملات کو دیکھتے ہوئے پنجاب حکومت کی جانب سے مکمل یقین دہانی پر 2 ستمبر کے دھرنے کو موخر کرنے کا اعلان کرتے ہیں، امید ہے کہ ہمیں اگلے کسی دھرنے کی تاریخ کا اعلان نہیں کرنا پڑیگا، ہم پاکستان میں دہشتگردی کا مکمل خاتمہ اور قیام امن کیلئے نیشنل ایکشن پلان پر مکمل علمدرآمد چاہتے ہیں، عزاداری امام حسینؑ ہمارا آئینی حق ہے، ہم اس پر قدغن کو قبول نہیں کریں گے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما پرویز ملک نے مجلس وحدت مسلمین کے رہنماوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان شاء اللہ ہم ایم ڈبلیو ایم کے تحفظات دور کرنے اور ان کے مطالبات پر عملدرآمد کیلئے فوری اقدامات کریں گے، پاکستان میں بسنے والے تمام مکاتب فکر کو اپنی عبادات اور رسومات کی ادائیگی کی آزادی حاصل ہے اور اسے یقینی بنانے کیلئے ہم بھرپور کردار ادا کریں گے۔


خبر کا کوڈ: 564530

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/564530/پنجاب-حکومت-کیجانب-سے-مطالبات-پر-عملدرآمد-کی-یقین-دہانی-ایم-ڈبلیو-کا-2-ستمبر-دھرنا-موخر-کرنیکا-اعلان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org