0
Saturday 3 Sep 2016 10:16

ہوم ورک مکمل کر لیا، عوام تبدیلی محسوس کریں گے، راجہ فاروق

ہوم ورک مکمل کر لیا، عوام تبدیلی محسوس کریں گے، راجہ فاروق
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق خان نے کہا ہے کہ حکومت کیلئے 3 ماہ اہمیت کے حامل ہیں، ہوم ورک مکمل کر لیا، عوام تبدیلی محسوس کریں گے۔ انقلابی اقدامات کیے جائیں گے، متاثرین منگلاڈیم کی قربانیاں تاریخ کا حصہ ہیں، ان کے تمام حل طلب معاملات کو یکسو کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں میرپور ڈویلپمنٹ ہاؤسنگ اتھارٹی کی بریفنگ سے خطاب اور وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پرنسپل سیکرٹری احسان خالد کیانی، کمشنر ایم ڈی ایچ اے راجہ امجد پرویز، ڈائریکٹر ایم ڈی اے سردار خالد محمود، ڈائریکٹر ایم ڈی اے سردار رقیب، سیکرٹری بورڈ آف ریونیو چودھری مختار حسین اور دیگر اعلی افسر بھی موجود تھے۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے اپنے خطاب میں کہا کہ متاثرین منگلاڈیم کی قربانیاں تاریخ کا حصہ ہیں، چیئرمین واپڈا سے ملاقات کر کے تمام معاملات یکسو کریں گے۔ قائداعظم اسٹیڈیم کے قریب متاثرین کی خدمات کے حوالے سے Monument تعمیر کریں گے، میاں محمد بخش رحمتہ اﷲ علیہ لائبریری، اولڈ میرپور کے حوالے سے میوزیم تعمیر کریں گے، میوزیم میں میرپور اولڈ سٹی کی نادر اشیاء رکھی جائیں گی۔ میرپور تارکین وطن اور منگلا ڈیم متاثرین کا شہر ہے اسے بین الاقوامی نوعیت کا شہر بنائیں گے، منگلاڈیم ہاؤسنگ اتھارٹی اپنی انکم کے ذرائع پیدا کرے اور متاثرین کے لئے بنائے جانے والے نیوسٹی اور سمال ٹاؤنز میں جدید سہولتوں کی فراہمی کے حوالے سے مشنری جذبے سے کام کرے۔

وفود سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ آزادکشمیر میں عوام کو بہترین حکومت فراہم کریں گے، آئندہ تین ماہ کے دوران لوگ تبدیلی محسوس کریں گے، اس سلسلہ میں روزانہ کی بنیاد پر ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں، بہت جلد صحافیوں کو نئے تعمیر ہونے والے وزیراعظم ہاؤس کا دورہ کراؤں گا۔ وزیراعظم ہاؤس پر 55 کروڑ روپے خرچ ہو چکے ہیں اور 15 کروڑ روپے مزید خرچ ہونے ہیں، اس طرح غریب عوام کے 72کروڑ روپے سے ایک ایسا وزیراعظم ہاؤس تعمیر ہو رہا ہے جس کی تعمیرات ناقص اور ترتیب نامناسب ہے۔ 72 کروڑ روپے عوام کی فلاح و بہبود کے لئے خرچ کیے جانے چاہیں تھے۔ سابق وزرائے اعظم بادشاہوں جیسی زندگی گزارنے کے بجائے عوام کے مسائل حل کرنے پر توجہ دیتے تو عوام کو آج شدید مشکلات اور پریشانیوں کا سامنا نہ کرنا پڑتا۔
خبر کا کوڈ : 564751
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش