0
Tuesday 6 Sep 2016 01:07
آپریشن ضرب عضب سے دہشتگردوں کی کمر توڑ دی

ہماری بہادر مسلح افواج نے جارح دشمن کو یہ پیغام دیا تھا کہ وہ اپنی آزادی کی حفاظت کرنا جانتی ہیں، نواز شریف

ہماری بہادر مسلح افواج نے جارح دشمن کو یہ پیغام دیا تھا کہ وہ اپنی آزادی کی حفاظت کرنا جانتی ہیں، نواز شریف
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ دنیا کے تیزی سے بدلتے حالات، اندرونی و بیرونی سازشیں اور سب سے بڑھ کر دہشت گردی جیسے چیلنجز قوم سے اپنی صفوں میں اتحاد کو برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ دفاعی صلاحیتوں میں اضافہ کا تقاضا کرتے ہیں، جبکہ اقتصادی ترقی بھی ملکی دفاع اور استحکام کے لئے ناگزیر ہے، بڑے بڑے منصوبہ جات کی تکمیل سے معاشی استحکام حاصل ہوگا، جس سے دفاع پاکستان مضبوط ہوگا۔ یوم دفاع پاکستان کے موقع پر وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ اس دن کو پاکستان کی تاریخ میں ایک روشن اور ولولہ انگیز دن کے طور پر ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، اس روز ہماری بہادر مسلح افواج نے قوم کے شانہ بشانہ جارح دشمن کے عزائم کو خاک میں ملا کر یہ پیغام دیا تھا کہ وہ اپنی آزادی کی حفاظت کرنا جانتی ہیں، یقیناً ہماری افواج کے افسروں اور جوانوں کی قربانیوں نے ہماری آزادی کو دوام بخشا ہے، جس پر پوری قوم انہیں خراج تحسین پیش کرتی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ دنیا کے تیزی سے بدلتے حالات، اندرونی و بیرونی سازشیں اور سب سے بڑھ کر دہشت گردی، ایسے چیلنجز ہم سے اپنی صفوں میں اتحاد، ایمان اور یقین کو قائم رکھنے کے ساتھ ساتھ دفاعی صلاحیتوں میں اضافہ کا تقاضا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ ہم نے اس ضمن میں کسی قسم کی کوتاہی کا مظاہرہ نہیں کیا، ہمارا دفاع اور مسلح افواج مستقبل کے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہیں، جدید جنگی ہتھیاروں میں ہم خود انحصاری کی منزل بھی حاصل کرچکے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ حتف میزائل سیریز، الخالد و الضرار ٹینک، جے ایف 17 تھنڈر طیارے، آگسٹا آبدوزیں اور سب سے بڑھ کر ہماری ایٹمی صلاحیت ہمارے مضبوط دفاع کی ناقابل فراموش علامات ہیں، اس طرح مضبوط دفاع کے ذریعے ہم نے جنوبی ایشیا میں طاقت کے توازن کو برقرار رکھ کر دراصل خطہ کے امن کو دوام بخشا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہم اسلحہ کی دوڑ میں شامل نہیں ہونا چاہتے، تاہم اس توازن کو برقرار رکھنے کے لئے کوشاں رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری دفاعی صلاحیت دراصل قوم کی جرات، استقامت اور عزم کا اظہار بھی کرتی ہے کہ وہ مشکل حالات کا سامنا کرنے کی بھرپور صلاحت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب بھی دراصل اسی عزم کا تسلسل ہے، جس میں سیاسی قیادت کی یکسوئی، عوام کے عزم، افواج پاکستان اور سکیورٹی کے دوسرے اداروں کی بے مثال قربانیوں اور پیشہ وارانہ صلاحیتوں کی بدولت دہشت گردوں کی کمر توڑ دی گئی ہے۔ الحمدللہ، آج وطن عزیز میں امن و امان کی صورتحال حوصلہ افزاء ہے، جسے بر قرار رکھنے کے لئے ہمیں سیاسی و ذاتی مفادات سے بالا تر سوچ اپنانے کی ضرورت ہے۔

وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ اقتصادی ترقی بھی ملکی دفاع اور استحکام کے لئے ناگزیر حیثیت رکھتی ہے، لہٰذا ہماری توجہ اس جانب بھی مرکوز ہے، اس سلسلہ میں سی پیک کے تحت مختلف میگا پراجیکٹس، ان کے علاوہ توانائی اور انفراسٹرکچر کی تعمیر و ترقی کے دیگر منصوبے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔ ان کی تکمیل سے معاشی استحکام حاصل ہوگا، جس سے دفاع پاکستان مضبوط ہوگا۔ وسطی ایشیائی ریاستوں اور مشرق وسطٰی کے ممالک سے تجارتی روابط میں اضافہ ایسے اقدامات ہیں، جن سے پاکستان خطہ میں اقتصادی قوت کے طور پر ابھرے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ آج کے تاریخی موقع پر وہ مقبوضہ کشمیر میں ہونے والی بھارتی بربریت کی بھی مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے دوٹوک طور پر کہا کہ کشمیر کے حوالہ سے ہمارا موقف واضح ہے، اس مسئلہ کا حل صرف اور صرف اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق ہوگا، جبر و استبداد سے کشمیری عوام کی آواز کو دبایا جا سکتا ہے، نہ ہی انہیں حق خودارادیت سے محروم کیا جا سکتا ہے، پاکستان کشمیری عوام کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔
خبر کا کوڈ : 565492
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش