0
Tuesday 6 Sep 2016 22:30
پاکستان پہلے مضبوط تھا، آج ناقابل تسخیر ہے

ہم دوستی نبھانا بھی جانتے ہیں اور دشمنی کا قرض اتارنا بھی، جنرل راحیل شریف

وطن عزیز کا کوئی بھی علاقہ آج سبز ہلالی پرچم کے سائے سے محروم نہیں ہے
ہم دوستی نبھانا بھی جانتے ہیں اور دشمنی کا قرض اتارنا بھی، جنرل راحیل شریف
اسلام ٹائمز۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے یوم دفاع کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کی بدولت آزاد اور باوقار ملک میں رہ رہے ہیں۔ جی ایچ کیو راولپنڈی میں یادگار شہداء پر یوم دفاع کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے شرکت کی، یادگار شہداء پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر انہوں نے یادگار شہداء پر سلامی بھی پیش کی، اس موقع پر پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے پریڈ بھی کی۔ تقریب میں مسلح افواج کے سربراہان، ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ، سفراء، وزیر دفاع خواجہ آصف، وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید سمیت نمایاں سیاسی شخصیات بھی شریک ہوئیں۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا مزید کہنا ہے کہ جنگ ستمبر 1965ء ملک کی تاریخ کا روشن باب ہے، پاکستان پہلے مضبوط تھا، آج ناقابل تسخیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے ناسور سے کئی ممالک انتشار کا شکار ہوئے، اللہ کے کرم سے پاکستان نے دہشت گردی کے چیلنجز کا بھرپور مقابلہ کیا۔ آرمی چیف کا یہ بھی کہنا ہے کہ شمالی وزیرستان دہشت گردوں کی آماجگاہ تھا، پولیس اور لیویز نے بے شمار قربانیاں پیش کی ہیں، وطن عزیز کا کوئی بھی علاقہ آج سبز ہلالی پرچم کے سائے سے محروم نہیں ہے۔

جنرل راحیل کا کہنا ہے کہ امن کی خاطر ہم نے اپنے گھر بار چھوڑنے کی تکالیف برداشت کیں، قومی سلامتی کی خاطر کسی بھی حد تک جانے سے گریز نہیں کریں گے، شہداء کی قربانیوں کو ضائع نہیں ہونے دیں گے۔ آرمی چیف کا یہ بھی کہنا ہے کہ ضرب عضب دہشت گردوں کے بلا امتیاز خاتمے کا عمل تھا، ہم نے ضرب عضب کے طے شدہ مقاصد حاصل کر لئے ہیں، ہمارے لئے ضرب عضب وطن کی بقاء کی جنگ ہے، دنیا کے نزدیک ضرب عضب فوجی آپریشن ہوسکتا ہے، دہشتگردی سے جنگ میں 18 ہزار شہریوں، 5 ہزار فوجی جوانواں نے جان کا نذرانہ دیا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہمارے امن کو لاحق اندرونی، بیرونی خطرات پوری طرح ختم نہیں ہوئے، ہم دوستوں اور دشمنوں کو بخوبی جانتے ہیں، ہم اپنے دشمن کی سازشوں سے بخوبی آگاہ ہیں۔ آرمی چیف کا مزید کہنا ہے کہ سی پیک کا عظیم منصوبہ پورے خطے کی خوشحالی میں مدد گار ثابت ہوگا، سی پیک منصوبے کی بروقت تکمیل ہمارا قومی فریضہ ہے، سی پیک منصوبے کے خلاف ہر کوشش سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے۔ ان کا کہنا ہے کہ کشمیر ہماری شہ رگ ہے، جس کی سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے، مقبوضہ کشمیر کے عوام بدترین ریاستی تشدد کا نشانہ بن رہے ہیں۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے یہ بھی کہا کہ ضرب عضب کے تحت 19 ہزار سے زائد آپریشنز کامیابی سے کئے، ہم دوستی نبھانا بھی جانتے ہیں اور دشمنی کا قرض بھی اتارنا جانتے ہیں، جرائم اور کرپشن کا گٹھ جوڑ امن کی راہ میں رکاوٹ ہے۔
خبر کا کوڈ : 565739
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش