0
Thursday 8 Sep 2016 15:49

وزیراعظم کا ایکبار پھر 2018ء میں ملک سے لوڈ شیڈنگ کا مکمل خاتمے کا اعلان

وزیراعظم کا ایکبار پھر 2018ء میں ملک سے لوڈ شیڈنگ کا مکمل خاتمے کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم نواز شریف نے ایک بار پھر 2018ء میں ملک سے لوڈ شیڈنگ کا مکمل خاتمہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کو اندھیروں میں دھکیلنے والوں سے حساب لیا جائے گا۔ دورہ کراچی کے موقع پر پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں منعقد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ آج ہماری معاشی پالیسیوں کی وجہ سے پاکستان بہت تیزی سے ترقی کر رہا ہے، دنیا ہماری معاشی ترقی کا اعتراف کر رہی ہے اور پاکستان اسٹاک ایکس چینج دنیا کی 10 بہترین مارکیٹوں میں شمار کی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ 1972ء میں قومی ادارے قومیانے کی پالیسی سے ملکی معیشنت تباہ ہو کر رہ گئی، لیکن 1991ء میں نج کاری کی پالیسی اختیار کرکے دوبارہ ملکی معیشت اور اداروں کو ٹھیک کرنے کی کوشش شروع کی، تو بہت سے لوگوں نے ایسا کرنے سے منع کیا، لوگوں کے منع کرنے کے باوجود اللہ کا نام لے کر اداروں کی نج کاری کرنے کی پالیسی اپنائی، اور آج ملکی معیشت بہتر سمت کی جانب گامزن ہے، ملکی زر مبادلہ کے ذخائر تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکے ہیں، جبکہ ٹیکس ریوینیو میں بھی 60 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

وزیراعظم نواز شریف نے ایک بار پھر 2018ء میں ملک سے لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ جن لوگوں نے پاکستان کو اندھیروں میں دھکیلا ان سے حساب لیا جائے گا، عوام کو پوچھنا چاہیئے کہ ان لوگوں نے ملک کو اندھیروں میں کیوں دھکیلا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی نظریں صرف بجلی بنانے پر نہیں، بلکہ وافر مقدار میں بجلی کی فراہمی اور سستی بجلی پیدا کرنے پر بھی کام کر رہی ہے، آج ملک کے چپے چپے میں بجلی کے کارخانے لگ رہے ہیں، ملک سے لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کے ساتھ دیگر اداروں کی بہتری کیلئے بھی کام کر رہے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت ریلوے کا ڈھانچہ مضبوط کر رہی ہے، پی آئی اے کی بہتری پر بھی کام ہو رہا ہے، برآمدات بڑھانے کیلئے کام ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی سے حیدرآباد موٹر وے اگلے سال مکمل ہو جائے گی، جبکہ حیدرآباد سے سکھر تک موٹر وے کا سنگ بنیاد بھی جلد رکھ دیا جائے گا، کراچی سے پشاور اور پھر یہی موٹر وے خنجراب تک جائے گی، اس کے علاوہ ملک سے لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کے ساتھ گیس کی قلت بھی ختم ہو جائے گی۔
خبر کا کوڈ : 566203
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش