QR CodeQR Code

لاہور ریلوے سٹیشن سمیت متعدد علاقوں میں سرچ آپریشن، 7 مشتبہ افراد گرفتار

9 Sep 2016 13:33

اسلام ٹائمز: پولیس ذرائع کے مطابق ممکنہ دہشتگردی کی خفیہ اطلاعات کے پیش نظر لاہور کے ریلوے سٹیشن اور اطراف میں قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے صبح سویرے سرچ آپریشن کیا، کارروائی کے دوران ریلوے سٹیشن کو مکمل طور پر بند کر دیا گیا، مسافروں کو بھی تلاشی کے بعد داخلے کی اجازت ملی، ریلوے سٹیشن کا پارکنگ ایریا بھی خالی کرا لیا گیا۔


اسلام ٹائمز۔ لاہور میں ممکنہ دہشتگردی کے خطرات کے پیش نظر قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے علی الصبح ریلوے سٹیشن اور اطراف میں سرچ آپریشن کیا، اس دوران ریلوے سٹیشن مکمل طور پر بند رہا، پارکنگ ایریا بھی خالی کرا لیا گیا۔ ریلوے سٹیشن بند ہونے کے باعث عید کے موقع پر گھروں کو جانیوالے مسافروں کو شدید مشکلات کا بھی سامنا کرنا پڑا۔ پولیس ذرائع کے مطابق ممکنہ دہشتگردی کی خفیہ اطلاعات کے پیش نظر لاہور کے ریلوے سٹیشن اور اطراف میں قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے صبح سویرے سرچ آپریشن کیا، کارروائی کے دوران ریلوے سٹیشن کو مکمل طور پر بند کر دیا گیا، مسافروں کو بھی تلاشی کے بعد داخلے کی اجازت ملی، ریلوے سٹیشن کا پارکنگ ایریا بھی خالی کرا لیا گیا۔ سٹیشن کے داخلی اور خارجی راستوں پر پولیس کی بھاری نفری تعینات رہی۔ سرچ آپریشن کے دوران ٹرینوں کی آمدورفت جاری رہی تاہم پلیٹ فارم نمبر 2 پر آنے والی گاڑیوں کو دوسرے ٹریکس پر منتقل کر دیا گیا۔ سیکیورٹی اداروں کی بڑی کارروائی کے باعث مسافروں کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

دوسری جانب شہر کی 4 ڈویژنز میں پولیس نے سرچ آپر یشن کیا۔ شاہدرہ، جوہر ٹاون، رائے ونڈ، بادمی باغ اور نولکھا کے علاقے میں پولیس نے مشتبہ افراد کی چیکنگ کی جبکہ ریسٹ ہاؤسز، ہوٹلز، پارکس اور بس اڈوں کی بھی چھان بین کی۔ رائے ونڈ تبلیغی مرکز، بادامی باغ، بلال گنج، شاہدرہ، چونگی امرسدھو اور دیگر علاقوں میں بھی سرچ آپریشن کیا گیا۔ ادھر علامہ اقبال ٹاوُن ڈویژن میں پولیس نے 7 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔ پولیس نے پنجاب یونیورسٹی نیو کیمپس کے آس پاس کے علاقوں میں فلیگ مارچ بھی کیا۔ ذرائع کے مطابق آج نماز جمعہ کے موقع پر دہشتگردانہ حملے کی اطلاع ملی تھی جس پر لاہور پولیس گزشتہ شام سے ہی الرٹ ہے اور تمام مساجد اور امام بارگاہوں پر سکیورٹی سخت کی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق جمعہ کے اجتماعات کی بھی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے۔


خبر کا کوڈ: 566299

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/566299/لاہور-ریلوے-سٹیشن-سمیت-متعدد-علاقوں-میں-سرچ-آپریشن-7-مشتبہ-افراد-گرفتار

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org