QR CodeQR Code

کراچی کے عوام نے الطاف اور فاروق ستار اینڈ کمپنی کو مسترد کر دیا، مصطفیٰ کمال

9 Sep 2016 18:26

اسلام ٹائمز: پریس کانفرنس کرتے ہوئے سربراہ پاک سرزمین پارٹی نے کہا کہ فاروق ستار ابھی دو طرفہ گیم کھیل رہے ہیں، ہم بار بار کہہ رہے ہیں کہ فاروق بھائی جھوٹ نہ بولیں، لیکن ان لوگوں نے مہاجر قوم کو بھیڑ بکریاں سمجھ رکھا ہے، فاروق ستار اور گورنر سندھ الطاف کے مرنے کا انتظار کر رہے ہیں، تاکہ قیادت انکی جھولی میں آگرے۔


اسلام ٹائمز۔ پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین مصطفیٰ کمال کا کہنا ہے کہ ملیر کے حلقے میں کل عوام نے بانی ایم کیو ایم اور فاروق ستار اینڈ کمپنی کو مسترد کر دیا ہے۔ کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ فاروق ستار ابھی دو طرفہ گیم کھیل رہے ہیں، ہم تو بار بار کہہ رہے ہیں کہ فاروق بھائی جھوٹ نہ بولیں، لیکن ان لوگوں نے مہاجر قوم کو بھیڑ بکریاں سمجھ رکھا ہے، فاروق ستار اور گورنر سندھ الطاف حسین کے مرنے کا انتظار کر رہے ہیں، تاکہ قیادت ان کی جھولی میں آگرے۔ انہوں نے کہا کہ فاروق ستار نے زخم خوردہ مہاجروں کو اپنے ساتھ ملانے کی کوشش کی، لیکن کل لوگوں نے ووٹ نہ دے کر یہ بتا دیا کہ فاروق ستار اور الطاف حسین ایک ہیں، اس لئے لوگوں نے بانی ایم کیو ایم سمیت فاروق ستار اینڈ کمپنی کو مسترد کر دیا ہے۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ کراچی کے عوام سے 30 سال سے جھوٹ بولا جا رہا ہے، اور ملیر کے عوام نے 30 سالوں سے ہونے والی زیادتیوں کا ازالہ کیا، پی ایس 127 میں ہونے والے الیکشن کے نتائج پر ملیر کے عوام کا تہہ دل سے شکر گذار ہوں، جنہوں نے وطن پرستی کے راستے کا انتخاب کر لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک ایک کرکے ہماری ساری باتیں سچ ہو رہی ہیں، اور ہمارے آنے کے بعد ایم کیو ایم کے ووٹ بتدریج کم ہو رہے ہیں۔ سربراہ پاک سرزمین پارٹی کا کہنا تھا کہ متحدہ کے آئین میں جو ترمیم کی جا رہی ہے، وہ آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش ہے، کیونکہ مینڈیٹ فاروق ستار کا نہیں، متحدہ قائد کا ہے اور اب یہ مینڈیٹ ختم ہوگیا، لہٰذا فاروق ستار اور ان کے لوگ نیا مینڈیٹ لے کر آئیں، ہم ان کے سامنے اپنے امیدوار بھی نہیں کھڑے کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ 2018ء وطن پرستوں کا سال ہوگا، لہٰذا پی ایس 127 کی سیٹ پیپلز پارٹی کے پاس 2018ء تک ہماری امانت ہے۔


خبر کا کوڈ: 566328

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/566328/کراچی-کے-عوام-نے-الطاف-اور-فاروق-ستار-اینڈ-کمپنی-کو-مسترد-کر-دیا-مصطفی-کمال

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org