QR CodeQR Code

ظالم حکمرانوں کیخلاف بحرینی عوام کی انقلابی جدوجہد جاری رہے گی، شیخ عبداللہ دقاق

10 Sep 2016 17:54

اسلام ٹائمز: بحرین کے معروف شیعہ عالم دین اور ایران میں آیت اللہ شیخ عیسٰی قاسم کے نمائندے نے شیخ عیسٰی قاسم کے خلاف حکومت کی عدالتی کارروائی کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ظالم حکمرانوں کے خلاف بحرینی عوام کی جدوجہد جاری رہے گی۔


اسلام ٹائمز۔ تسنیم نیوز ایجنسی کے مطابق بحرین کے معروف انقلابی رہنما اور ایران میں آیت اللہ شیخ عیسٰی قاسم کے نمائندے شیخ عبداللہ دقاق نے تہران میں نماز جمعہ کے عظیم اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے آئندہ جمعرات شیخ عیسٰی قاسم کے خلاف عدالتی کارروائی کے سلسلے میں عدالت کے تیسرے سیشن کا اعلان کیا ہے، لیکن وہ پہلے کی طرح اس سیشن میں بھی نہیں جائیں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ آیت اللہ شیخ قاسم نے خداوند متعال اور اپنی قوم سے عہد کر رکھا ہے اور وہ اپنے عہد پر پابند ہیں، جبکہ ان کے حامی اور پیرو بحرینی عوام بدستور ان کی رہائشگاہ کے سامنے دھرنا دیئے بیٹھے ہیں۔ شیخ عبداللہ دقاق نے کہا کہ آیت اللہ شیخ عیسٰی قاسم ایک عظیم فقیہہ اور عالم دین ہیں اور وہ صرف بحرین سے مخصوص نہیں بلکہ پورے عالم اسلام کا سرمایہ ہیں اور تمام مسلمان اور آزادی پسند اقوام انہیں اپنا سمجھتی ہیں۔ شیخ عبداللہ دقاق نے آیت اللہ شیخ عیسٰی قاسم کی شخصیت کے چند پہلو بیان کرتے ہوئے کہا: "اکثر مراجع بزرگوار تقلید جیسے نجف سے آیت اللہ سید علی سیستانی، ایران سے آیت اللہ وحید خراسانی اور آیت اللہ ہاشمی شاہرودی نے آیت اللہ شیخ عیسٰی قاسم سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور سب سے زیادہ اہم یہ کہ آیت اللہ العظمٰی سید علی خامنہ ای نے اپنی تقریر میں ان کا نام لے کر ان کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔" بحرین کے مجاہد عالم دین شیخ عبداللہ دقاق نے مزید کہا کہ آئندہ جمعرات حکومت کی جانب سے شیخ عیسٰی قاسم کے خلاف تشکیل دی گئی عدالت کا تیسرا سیشن ہے، لیکن سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ آیت اللہ شیخ عیسٰی قاسم کے خلاف کس جرم کی خاطر عدالتی کارروائی کی جا رہی ہے؟ آخر شیخ عیسٰی قاسم نے ایسا کون سا کام کیا ہے، جو ظالم بحرینی حکمران انہیں عدالت کے کٹہرے میں لانا چاہتے ہیں؟

انہوں نے مزید کہا: "آل خلیفہ رژیم نے تین ماہ قبل شیخ عیسٰی قاسم کی شہریت منسوخ کرکے ان کا شناختی کارڈ باطل کر دیا ہے۔ اس حکومتی اقدام کا مقصد شیخ عیسٰی قاسم کو خاموشی پر مجبور کرنا ہے، لیکن ظالم دشمن جان لیں کہ شیخ عیسٰی قاسم بدستور جدوجہد کی راہ پر گامزن ہیں اور وہ بحرینی عوام کے حقوق کا دفاع کرتے رہیں گے۔" بحرین کے مجاہد عالم دین شیخ عبداللہ دقاق نے کہا کہ بحرین کے انقلابی عوام نے شیخ عیسٰی قاسم کی شہریت منسوخ کئے جانے کے دن سے ہی ان کی رہائشگاہ کے سامنے دھرنا دے رکھا ہے اور اب اس دھرنے کو تین ماہ کا عرصہ گزر چکا ہے۔ بحرین کے انقلابی عوام نے ثابت کر دیا ہے کہ وہ آیت اللہ شیخ عیسٰی قاسم کو ہرگز تنہا نہیں چھوڑیں گے، جیسا کہ عاشورہ کے روز امام حسین علیہ السلام کے اصحاب نے انہیں اکیلا نہ چھوڑا۔ انہوں نے مزید کہا: "ہم آل خلیفہ رژیم پر واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ اگر وہ آیت اللہ شیخ عیسٰی قاسم کو گرفتار کرنا چاہتی ہے تو اسے ہماری لاشوں سے گزرنا ہوگا۔ ہم بحرینی حکومت کو خبردار کرتے ہیں کہ وہ عقل، گفتگو اور منطق کا راستہ اختیار کرے، تاکہ ہمارا ملک آباد ہوسکے۔ بحرینی حکمران شیخ عیسٰی قاسم سے مذاکرات کریں اور ملک کی سیاسی شخصیات پر مذاکرات کا دروازہ کھلا رکھیں اور اگر حکومت نے یہ راستہ اختیار نہ کیا تو ملک نابود ہو جائے گا اور سب سے پہلے آل خلیفہ رژیم کو نقصان برداشت کرنا پڑے گا۔" شیخ عبداللہ دقاق نے بحرین میں جاری جدوجہد کی کامیابی کی نوید دلاتے ہوئے کہا کہ عظیم اور فقیہہ قائد کی موجودگی، شہداء کے اہلخانہ اور قومی وحدت بحرینی عوام کی انقلابی جدوجہد کی تین بڑی نشانیاں ہیں۔


خبر کا کوڈ: 566550

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/566550/ظالم-حکمرانوں-کیخلاف-بحرینی-عوام-کی-انقلابی-جدوجہد-جاری-رہے-گی-شیخ-عبداللہ-دقاق

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org