0
Sunday 11 Sep 2016 21:33

قائداعظم محمد علی جناح کے سنہری اصول کام، کام اور کام پر من و عن یقین رکھتا ہوں، وزیراعلیٰ سندھ

قائداعظم محمد علی جناح کے سنہری اصول کام، کام اور کام پر من و عن یقین رکھتا ہوں، وزیراعلیٰ سندھ
اسلام ٹائمز۔ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ صوبے کے ہر شہری کو اچھا روزگار، ہر بچے کو معیاری اور اعلیٰ تعلیم اور ہر بیمار کو بہترین علاج کی سہولیات فراہم کرنا ہمارا اولین فرض ہے جس کو ہم پورا کرنے کیلئے دن رات کوشاں ہیں کیونکہ میں بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے سنہری اصول کام، کام اور کام پر من و عن یقین رکھتا ہوں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی 68 ویں برسی کے موقع پر اپنی صوبائی کابینہ کے ہمراہ مزار قائد پر حاضری دینے کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے مزار قائد پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ آج انہوں نے قائداعظم محمد علی جناح کی برسی کے موقع پر اپنی صوبائی کابینا کے ہمراہ ان کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ان کے مزار پر حاضری دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح کی انتھک محنتوں کا نتیجہ ہے کہ ہمیں یہ خوبصورت ملک پاکستان ملا اور ہمارا فرض ہے کہ ہم اپنے بانیوں کی قربانیوں کو یاد رکھیں اور ان کے بتائے ہوئے اصولوں کے تحت ملک کی خوشحالی کیلئے دن رات کام کرتے رہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا یہ فرض ہے کہ یہاں پر ہر شہری کو اچھے روزگار کی سہولیات میسر ہوں، ہر بچے کو تعلیم دی جائے اور پہلے تو کوئی بیمار نہ ہو اور اگر کوئی بیماری ہوتی ہے تو اس کو بہترین علاج کی سہولیات میسر ہوں۔
خبر کا کوڈ : 566825
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش