0
Monday 12 Sep 2016 10:29

وزیراعلٰی بلوچستان کی عید کے موقع پر سکیورٹی سخت کرنیکی ہدایت، اضافی نفری تعینات

وزیراعلٰی بلوچستان کی عید کے موقع پر سکیورٹی سخت کرنیکی ہدایت، اضافی نفری تعینات
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلٰی بلوچستان نواب ثناءاللہ خان زہری نے پولیس اور انتظامیہ سمیت قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کو عیدالاضحٰی کے موقع پر سکیورٹی کے خصوصی اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے نماز عید کے لئے عید گاہوں کی موثر سکیورٹی اور نگرانی کے ساتھ ساتھ پارکوں، تجارتی مراکز اور عوامی مقامات پر سکیورٹی کے اضافی انتظامات کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔ انہوں نے عید کے موقعے پر امن و امان برقرار رکھنے کے لئے تیار کئے گئے لائحہ عمل پر بھرپور طریقے سے عملدرآمد کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا ہے۔ وزیر اعلٰی کی جانب سے آئی جی پولیس سے کہا گیا ہے کہ شہر کے تمام تھانوں کے ایس ایچ اوز کو اپنے اپنے علاقوں میں اضافی نفری کی تعیناتی، گشت میں اضافے اور تمام سکیورٹی انتظامات کی موثر نگرانی کو یقینی بنانے کا پابند کیا جائے۔ ہر ایس ایچ او اپنے تھانے کے حددو میں امن و امان برقرار رکھنے کا ذمہ دار اور جواب دہ ہوگا۔ وزیر اعلٰی نے پولیس کے محترک اور فعال کردار کو سراہتے ہوئے اس توقع کا اظہار بھی کیا ہے کہ پولیس اہلکار اور آفیسرز اپنی فرض شناسی کو برقرار رکھتے ہوئے عوام کے ا عتماد اور پولیس فورس کی نیک نامی میں اضافہ کرینگے، اور تمام ڈویژنل کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، ڈی آئی جیز اور ایس ایس پیز دی گئی ہدایات کے مطابق عید کے دوران اپنی اپنی جائے تعیناتی پر حاضر رہ کر فرائض کی ادائیگی جاری رکھیں گے۔

دریں اثناء وزیراعلٰی نے عیدالاضحٰی کے موقع پر کوئٹہ سمیت تمام شہروں اور میونسپل کمیٹیوں کی حدود میں صفائی کے خصوصی اقدامات کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔ وزیراعلٰی نے سیکرٹری بلدیات اور محکمے کے اہلکاروں کی جانب سے، صوبہ بھر میں جاری خصوصی مہم کی تعریف کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ مہم کو دوران عید بھی جاری رکھا جائے۔ انہوں نے کمشنروں اور ڈپٹی کمشنروں کی صفائی مہم کی نگرانی کی ہدایت بھی کی ہے۔ دریں اثناء صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں عیدالاضحٰی کے موقع پر امن و امان کو برقرار رکھنے کیلئے پولیس کی جانب سے خصوصی سکیورٹی کے انتظامات کرتے ہوئے شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر خصوصی چیکنگ کے علاوہ 61 مقامات پر ناکے اور 63 گاڑیاں، 117 موٹرسائیکلوں کے علاوہ 100 ٹریفک پولیس اہلکار ٹریفک کی روانی کیلئے تعینات کئے گئے ہیں، جبکہ 177 عید گاہوں پر 1786 اہلکار اور آفیسرز تعینات ہونگے۔ 12 اہم عید گاہوں اور امام بارگاہوں پر سکیورٹی گیٹس بمعہ اسپیشل برانچ کا تربیت یافتہ عملہ بھی تعینات ہو گا، اور فرنٹیئر کور پولیس کے جوان مشترکہ گشت بھی کریں گے۔ اس بات کا فیصلہ گزشتہ روز ریجنل پولیس آفیسر اور ڈی آئی جی کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ کی صدارت میں انسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان، احسن محبوب کی عید الاضحٰی کے موقع پر سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے خصوصی ہدایت پر منعقدہ اجلاس کے دوران کیا گیا۔

اجلاس میں ایس ایس پی آپریشن کوئٹہ ندیم حسین، ایس ایس پی انوسٹی گیشن ظہور احمد آفریدی، سمیت تمام ایس پیز، ڈی ایس پیز اور ایس ایچ اوز شریک تھے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عبدالرزاق چیمہ نے کہا ہے کہ عیدالاضحٰی کے موقع پر عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے پولیس اپنے فرائض منصبی احسن طریقے سے سرانجام دے رہی ہے اور سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں تاکہ کسی بھی قسم کا ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آسکے۔ اس لئے شہر کے تمام داخلی اور خارجی راستوں پر خصوصی چیکنگ کے ساتھ ساتھ کوئٹہ شہر کے 61 مقامات پر ناکے لگا کر چیکنگ کا عمل بھی جاری ہے اور شہر میں 63 گاڑیاں، 117 موٹرسائیکلیں خصوصی طور پر گشت کر رہی ہیں، جن کی معاونت کیلئے انسداد دہشتگردی فورس آر آر جی، کیو آر ایف بھی تعینات کی گئی ہے کوئٹہ میں 117 عید گا ہوں پر 1786 آفیسران اور جوان ڈیوٹی سرانجام دینگے اس کے علاوہ فرنٹیئر کور اور پولیس کے جوان مشترکہ گشت بھی کرینگے۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے حساس عید گاہوں، امام بارگاہوں میں فرنٹیئر کور کے جوان تعینات کئے گئے ہیں، اور آج سے تمام حساس عیدگاہوں اور امام بارگاہوں میں سادہ لباس میں ملبوس جوانوں کو تعینات کیا گیا ہے۔ 12 اہم عید گاہوں، امام بارگاہوں پر سکیورٹی گیٹس اور اسپیشل برانچ کا تربیت یافتہ عملہ بھی تعینات رہے گا۔ اس کے علاوہ کوئٹہ شہر کے11 مقامات پر بکرا منڈیاں لگائی گئی ہیں جہاں پر پولیس اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔ شہر میں ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کیلئے 100 ٹریفک پولیس اہلکار تعینات ہیں۔ انہوں نے شہریوں سے گزارش کی کہ وہ شہر میں ٹریفک کو رواں دواں رکھنے کیلئے ٹریفک پولیس اہلکاروں کے ساتھ مکمل تعاون کے علاوہ ان کی مدد کریں، تاکہ اردگرد کی مشکوک اشیاء اور اشخاص پر کڑی نظر رکھیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے فوری طور پر پولیس کنٹرول، فرنٹیئر کور کی ہیلپ لائن اور مددگار سینٹر پر اطلاع دیں۔ اطلاع دینے والے کا نام صیغہ راز میں رکھا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ سماج اور ملک دشمن عناصر سے سختی سے نمٹا جائیگا، تاہم شہری پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی ساتھ تعاون کریں تاکہ کسی بھی ملک دشمن عناصر کی سازش کو بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنایا جائے۔
خبر کا کوڈ : 566898
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش