0
Friday 16 Sep 2016 10:39

بیرون ملک قائم پاکستانی بینکوں کی تمام برانچز کے جامع آڈٹ کا فیصلہ

بیرون ملک قائم پاکستانی بینکوں کی تمام برانچز کے جامع آڈٹ کا فیصلہ
اسلام ٹائمز۔ وفاقی حکومت نے ملک بھر کے نجی بینکوں میں جعلی نوٹ و انعامی بانڈز چیک کرنے والی مشینیں نصب اور بیرون ملک قائم پاکستانی بینکوں کی برانچز کا جامع آڈٹ کرانے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے ملک کے تمام نجی بینکوں میں جعلی کرنسی نوٹوں کی چیکنگ کی مشینیں نصب کرنے کے منصوبے کو حتمی شکل دے دی گئی ہے، اس بارے میں تفصیلی رپورٹ بھی تیار کرلی ہے، جو 21 ستمبر کو سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس میں پیش کی جائے گی۔ اس وقت نجی بینکوں میں جعلی کرنسی نوٹ چیک کرنے والی مشینیں نصب نہیں ہیں، البتہ کچھ نجی بینکوں کی انتظامیہ نے ازخود اقدام کرتے ہوئے اپنی برانچز میں جعلی انعامی بانڈز چیک کرنے والی مشینیں نصب کر رکھی ہیں۔

اسٹیٹ بینک کی جانب سے کرنسی مینجمنٹ اسٹریٹجی مرتب کی گئی ہے، اور اس بارے میں بھی سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کو اسٹیٹ بینک حکام کی جانب سے بریفنگ دی جائے گی۔ اس کے علاوہ پاکستانی بینکوں کی بیرون ملک قائم برانچز کا آڈٹ بھی جلد سے جلد مکمل کیا جائے گا، اور اس بارے میں تازہ ترین صورتحال کے بارے میں بھی سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کو آگاہ کیا جائے گا۔ حکام کا کہنا ہے کہ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ نے 7 جنوری 2016ء کو ہونے والے اپنے اجلاس میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو پاکستانی بینکوں کی بیرون ممالک میں قائم برانچز کا آڈٹ کرنے کی ہدایت کی تھی، اب اسٹیٹ بینک سے اس بارے میں رپورٹ طلب کی گئی ہے۔

نیشنل بینک آف پاکستان کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی جانب سے 26 اپریل 2016ء کو منظور کی جانے والی نئی ریکروٹمنٹ اینڈ پروموشن پالیسی کے بارے میں بھی سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کو بریفنگ دی جائے گی۔ اسی طرح اسٹیٹ بینک کی جانب سے نئے کرنسی نوٹوں کی محدود شرح میں فروخت کیلئے تیار کیے جانے والے میکنزم کے بارے میں بھی بریفنگ دی جائے گی۔ قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کی تجویز پر ملک بھر کے نجی بینکوں میں جعلی نوٹ اور جعلی انعامی بانڈز چیک کرنے والی مشینیں نصب کی جا رہی ہیں، اور اس بارے میں اسٹیٹ بینک کی جانب سے ابھی تک جو اقدامات کئے گئے ہیں، اس بارے میں کمیٹی کو آگاہ کیا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 567651
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش