QR CodeQR Code

کشمیریوں کی آزادی تک خطے میں امن کا قیام ممکن نہیں ہے، میاں سہیل احمد

17 Sep 2016 22:53

اسلام ٹائمز: ملتان میں کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعتہ الدعوہ کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان کشمیریوں پر بدترین مظالم پر صرف بیان بازی سے آگے بڑھ کر مسئلہ کشمیر پر اپنا عملی کردار پیش کرے۔


اسلام ٹائمز۔ جماعة الدعوة ضلع ملتان کے مسئول میاں سہیل احمد نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر پچھلی سات دہائیوں اپنے حل کا منتظر ہے۔ وزیراعظم نواز شریف ہر سال اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں مسئلہ کشمیر پر بات کرتے ہیں مگر اقوام متحدہ کے کان پر جوں تک نہیں رینگتی۔ کشمیریوں کا ناحق خون بہایا جا رہا ہے اور انسانی حقوق کی نام نہاد تنظیمیں اور اقوام متحدہ اس مسئلے پر اندھی، گونگی اور بہری ہو چکی ہیں۔ امریکہ کبھی بھی مسئلہ کشمیر حل نہیں کر سکتا ہمیں اس سے توقعات وابستہ کرنے سے مایوسی ہو گی۔ وزیراعظم نواز شریف کو چاہئیے کہ وہ اعلان کریں کہ ہم کشمیریوں کی ہر سطح پر ممکنہ مدد جاری رکھیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع مسجد توحید نواں شہرمیں نماز مغرب کے بعد کارکنان کی مجلس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ میاں سہیل احمد کا کہنا تھا کہ ستر روزہ کرفیو اور گرفتاریوں کے باوجود کشمیری آزادی کے ستر سالہ مطابے سے ایک انچ بھی پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں۔ کشمیریوں نے تمام تر بھارتی پیشکشوں کو مسترد کر کے دنیا پر واضح کر دیا کہ آزادی سے کم کچھ نہیں چاہیے۔ کشمیر کی آزادی کے نعروں کی گونج دہلی میں سنائی دیے جانے کے بعد انڈیا نوشتہ دیوار پڑھ لے۔ انڈین دہشت گرد فوج نے کشمیریوں کو نماز عید پڑھنے کی اجازت تک نہ دی۔ کشمیریوں کی آزادی تک خطے میں امن کا قیام ممکن نہیں ہے۔ ان کا مزید یہ کہنا تھا کہ کشمیریوں سے ہمارا رشتہ کلمہ کی بنیاد پر ہے۔ اس لحاظ سے کشمیر کی آزادی ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔ ہم ہر محاذ پر کشمیریوں کی تحریک آزادی میں ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ حکومت پاکستان بھی کشمیریوں پر بدترین مظالم پر صرف بیان بازی سے آگے بڑھ کر مسئلہ کشمیر پر اپنا عملی کردار پیش کرے۔ انڈیا یہ بات یاد رکھے کہ کشمیر کی موجودہ صورتحال کے بعد امریکہ سے ہونے والے معاہدے اس کا دفاع نہیں کر سکیں گے۔


خبر کا کوڈ: 568038

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/568038/کشمیریوں-کی-آزادی-تک-خطے-میں-امن-کا-قیام-ممکن-نہیں-ہے-میاں-سہیل-احمد

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org