QR CodeQR Code

وزیراعظم اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کیلئے امریکا روانہ

17 Sep 2016 23:34

اسلام ٹائمز: نواز شریف نیویارک میں کشمیر کے بارے میں او آئی سی کنیکٹ گروپ کے اجلاس میں بھی شرکت کریں گے، جب کہ 19 ستمبر کو مہاجرین کے مسئلہ پر بلائے گئے اجلاس سے بھی خطاب کریں گے۔


اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم نواز شریف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لئے امریکا روانہ ہو گئے ہیں۔ وزیراعظم نواز شریف اسلام آباد سے نیویارک کے لئے روانہ ہوئے جہاں وہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 71ویں اجلاس میں شرکت کریں گے۔ وزیراعظم نواز شریف 19 ستمبر کو نیو یارک پہنچیں گے اور عالمی رہنماؤں سے ملاقات میں انہیں کشمیر میں بھارتی ظلم و بربریت کے حوالے سے آگاہ کریں گے۔ اس کے علاوہ وزیراعظم نواز شریف 21 ستمبر کو جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب میں بھی مسئلہ کشمیر پر پاکستانی موقف کو دوٹوک انداز میں بیان کریں گے۔ وزیراعظم نواز شریف دورہ امریکا کے دوران اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون سمیت کئی عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے۔

وزیراعظم نیویارک میں کشمیر کے بارے میں او آئی سی کنیکٹ گروپ کے اجلاس میں بھی شرکت کریں گے، جب کہ 19 ستمبر کو مہاجرین کے مسئلہ پر بلائے گئے اجلاس سے بھی خطاب کریں گے، اجلاس میں وزیراعظم افغان مہاجرین کی رضاکارانہ واپسی پر بھی بات کریں گے۔ وزیراعظم نواز شریف نے گزشتہ روز آرمی چیف جنرل راحیل شریف، صدر و وزیراعظم آزاد کشمیر اور حریت رہنماؤں کے وفد سے ملاقات کر کے کشمیر کے معاملے پر مشاورت کی۔


خبر کا کوڈ: 568055

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/568055/وزیراعظم-اقوام-متحدہ-کی-جنرل-اسمبلی-کے-اجلاس-میں-شرکت-کیلئے-امریکا-روانہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org