0
Sunday 18 Sep 2016 00:06

مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ میں اٹھانے کیلئے وزیراعظم نواز شریف امریکا روانہ ہوگئے

مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ میں اٹھانے کیلئے وزیراعظم نواز شریف امریکا روانہ ہوگئے
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم نواز شریف اقوام متحدہ كی جنرل اسمبلی كے 71 ویں اجلاس میں شركت کیلئے امریکا روانہ ہوگئے، جہاں وہ 21 ستمبر کو اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کریں گے۔ وزیراعظم پیر کے روز نیو یارک میں شروع ہونے والے اقوام متحدہ كی جنرل اسمبلی كے اجلاس میں پاكستانی وفد كی قیادت كریں گے، وزیراعظم كے دورہ امریكا میں مشیر خارجہ سرتاج عزیز سمیت دیگر اعلیٰ حكام بھی شریک ہیں۔ وزیراعظم بدھ كو جنرل اسمبلی كی بحث میں حصہ لیتے ہوئے امن و سلامتی سے ترقی تک اہم بین الاقوامی امور پر پاكستان كے مؤقف، كردار اور خدمات پر روشنی ڈالیں گے اور حكومت كے تصور اور ترجیحات كو واضح كریں گے۔

وزیراعظم پیر كو نیو یارک پہنچیں گے، جہاں وہ عالمی رہنماؤں سے ملاقات میں انہیں كشمیر میں بھارتی ظلم و بربریت كے حوالے سے آگاہ كریں گے۔ اس كے علاوہ وزیراعظم نواز شریف 21 ستمبر كو جنرل اسمبلی كے اجلاس سے خطاب میں بھی مسئلہ كشمیر پر پاكستانی موقف كو دوٹوک انداز میں بیان كریں گے۔ وزیراعظم امن، سلامتی اور ترقی سمیت كئی عالمی امور پر پاكستان كے كردار اور حكومتی ترجیحات كا احاطہ كریں گے، جبکہ خاص طور پر مقبوضہ كشمیر میں قابض بھارتی افواج كے ہاتھوں بنیادی انسانی حقوق كی خلاف ورزیوں كا مسئلہ بھی اٹھائیں گے، اور اقوام متحدہ اور عالمی برادری پر زور دیں گے كہ سلامتی كونسل كی قراردادوں كی روشنی میں كشمیریوں سے حق خود ارادیت كا وعدہ پورا كیا جائے۔

وزیراعظم نواز شریف 19 ستمبر كو پناہ گزینوں كے بارے میں اعلیٰ سطح اجلاس میں شركت كریں گے۔ وزیراعظم نواز شریف امریکی صدر اوباما كی جانب سے مہاجرین كے مسئلہ پر بلائے گئے اجلاس سے بھی خطاب كریں گے، جس میں وہ عالمی برادری پر زور دیں گے كہ وہ افغان مہاجرین كی رضاكارانہ واپسی اور ان كی افغانستان میں آبادكاری كے عمل كی طرف مناسب توجہ دیں۔ جنرل اسمبلی كے سالانہ اجلاس كے موقع پر وزیراعظم اقوام متحدہ كے سیكریٹری جنرل سمیت كئی عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی كریں گے۔ اس موقع پر كشمیر كے بارے میں او آئی سی كے رابطہ گروپ سمیت دولت مشتركہ اور ڈی ایٹ سمیت كئی علاقائی تنظیموں كے وزارتی اجلاس بھی ہونگے۔
خبر کا کوڈ : 568066
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش