QR CodeQR Code

بھارتی قابض فوج مقبوضہ کشمیر میں ظلم کی انتہا کر رہی ہے، لیاقت بلوچ

22 Sep 2016 20:06

اسلام ٹائمز: جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ سیاسی احتجاج ایسی ریڈ لائن عبور نہ کرے جس سے آئین، جمہوریت، عدلیہ کو نقصان ہو اور پاکستان دشمن قوتوں کو سہولت کاری ہو، جماعت اسلامی 30 ستمبر کو فیصل آباد میں کرپشن کیخلاف اور بلاامتیاز تحقیقات و احتساب کیلئے عدالتی کمیشن کے قیام کیلئے عوامی دھرنا دے گی، جماعت اسلامی کا کرپشن کیخلاف دھرنا سنگ میل ہوگا، احتجاج سیاسی، جمہوری کیساتھ پُرامن ہوگا۔


اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے لاہور میں جماعت کی مجلس شوریٰ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی قابض فوج مقبوضہ کشمیر میں ظلم کی انتہا کر رہی ہے اور بھارتی وزیراعظم نریندر مودی پاکستان کیخلاف سازشوں اور جارحیت کا سلسلہ بڑھا رہے ہیں۔ لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ ایسے موقع پر بنگلہ دیشی وزیر اعظم کی طرف سے بھارت کی حمایت کے اعلان سے بنگلہ دیش میں محب اسلام، محب وطن رہنماؤں کو پھانسیوں کا منصوبہ بے نقاب ہوگیا ہے، بلی تھیلے سے باہر آگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انڈیا نے سارک فورم کو عملاً ختم کر دیا ہے، ایسے مفلوج اور بےکار فورم اب لا حاصل ہیں، یہ بھی بھارتی جرائم کی فہرست میں ایک اور خطہ کے عوام سے دشمنی کا اضافہ ہے۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ سیاست اور جمہوریت میں اختلاف آئینی، جمہوری اور سیاسی حق ہے، اپوزیشن جماعتوں کو حکومتی نااہلی، کرپشن اور عوام دشمن اقدامات پر احتجاج کا حق ہے، ہم اس امر پر یقین رکھتے ہیں کہ سیاسی اختلاف اور احتجاج ہمارا حق ہے لیکن قومی سلامتی، ملکی دفاع، پاکستان کے دشمنوں کے مقابلہ میں ہم حکومت اور افواج پاکستان کیساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی احتجاج ایسی ریڈ لائن عبور نہ کرے جس سے آئین، جمہوریت، عدلیہ کو نقصان ہو اور پاکستان دشمن قوتوں کو سہولت کاری ہو، جماعت اسلامی 30 ستمبر کو فیصل آباد میں کرپشن کیخلاف اور بلاامتیاز تحقیقات و احتساب کیلئے عدالتی کمیشن کے قیام کیلئے عوامی دھرنا دے گی، جماعت اسلامی کا کرپشن کیخلاف دھرنا سنگ میل ہوگا، احتجاج سیاسی، جمہوری کیساتھ پُرامن ہوگا اور سیاسی شائستگی اور وقار برقرار رکھا جائے گا۔


خبر کا کوڈ: 569429

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/569429/بھارتی-قابض-فوج-مقبوضہ-کشمیر-میں-ظلم-کی-انتہا-کر-رہی-ہے-لیاقت-بلوچ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org