QR CodeQR Code

مسلم ممالک میں پیدا ہونے والی اسلامی بیداری امریکا اور اسرائیل سے نفرت کا واضح ثبوت ہے،طلبہ و طالبات جامعہ کراچی

1 Mar 2011 22:47

اسلام ٹائمز:مقررین کا کہنا تھا کہ تیونس میں عوامی انقلاب ہو یا مصر میں امریکی ایجنٹ غاصب نامبارک کے غاصبانہ تسلط کا خاتمہ، لیبیا میں صہیونی ایجنٹ قذافی کے خلاف عوامی تحریک ہو یا بحرین میں حماد بن عیسیٰ جیسے امریکی نمک خوار کے خلاف عوام کا قیام ، یہ سب اسلام کے ثمرات ہیں


 کراچی:اسلام ٹائمز۔ مصر، تیونس، لیبیا، بحرین، یمن، مراکش سمیت مسلم ممالک میں پیدا ہونے والی اسلامی بیداری امریکا اور اسرائیل سے نفرت کا واضح ثبوت ہے۔ مسلم ممالک میں عوامی انقلابی تحریکوں کی بھرپور حمایت کرتے ہیں اور مسلم ممالک میں قابض غاصب امریکی نواز حکمرانوں کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ امریکی سی آئی اے اور بلیک واٹر دہشت گرد ریمنڈ ڈیوس کو فی الفور پھانسی دی جائے، ملک بھر میں موجود امریکی سی آئی اے جاسوسوں کو گرفتار کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار پیپلز اسٹوڈنٹس فیڈریشن جامعہ کراچی کے رہنما برادر علی، اسلامی جمعیت طلبہ جامعہ کراچی کے جنرل سیکرٹری تیمور الحق، امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن جامعہ کراچی کے سینئر رہنما قمبر رضوی، پنجابی اسٹوڈنٹس ایسوسی ایشن جامعہ کراچی کے جنرل سیکرٹری زاہد گوندل اور بالاورستان اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن جامعہ کراچی کے جنرل سیکرٹری اسلم انقلابی نے جامعہ کراچی میں طلباء و طالبات کے زیراہتمام مسلم ممالک میں جاری انقلابی تحریکوں سے اظہار یکجہتی اور غاصب حکمرانوں سے نفرت کے اظہار سمیت امریکی سی آئی اے دہشت گرد ریمنڈ ڈیوس کی ممکنہ رہائی اور پاکستان میں بڑھتی ہوئی امریکی مداخلت کے خلاف نکالی گئی ’’بیداری امت و امریکا مردہ باد ریلی‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
ریلی کا آغاز ایڈمن بلاک جامعہ کراچی سے ہوا اور سلور جوبلی گیٹ پر اختتام ہوا، ریلی میں سینکڑوں طلباء و طالبات نے شرکت کی، شرکائے ریلی نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر مسلم ممالک میں عوامی انقلابی تحریکوں کی حمایت اور غاصب امریکی و صہیونی نواز حکمرانوں سے اظہار نفرت اور غاصب حکمرانوں کی برطرفی اور اسرائیلی ایجنٹ قذافی کو سزائے موت دینے کا مطالبہ درج تھا جبکہ عالمی استعمار امریکا اور اسرائیل سے نفرت پر مبنی نعرے بھی درج تھے،جبکہ شرکائے ریلی نے امریکی و صہیونی پرچم بھی نذر آتش کئے۔
طلباء و طالبات کے زیراہتمام نکالی جانے والی ’’بیدارئ امت و امریکا مردہ باد ریلی‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے طلباء رہنماؤں کا کہنا تھا کہ تین معصوم پاکستانی شہریوں کے قاتل امریکی دہشت گرد اور سی آئی اے جاسوس ریمنڈ ڈیوس پر چلایا جانے والا عدالتی مقدمہ عوام کے جذبات کی ترجمانی ہے، مملکت خداداد کو امریکی سی آئی اے کی آماجگاہ نہیں بننے دیں گے، اس ملک کو بنانے کے لئے طلباء نے کلیدی کردار ادا کیا تھا اور اس کی بقاء کی خاطر بھی طلباء میدان عمل میں تیار ہیں، انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ملک بھر میں موجود امریکی دہشت گرد سی آئی اے اور بلیک واٹر سے متعلقہ تمام امریکی جاسوس دہشت گردوں کو گرفتار کیا جائے، ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو یقین دلاتے ہیں کہ اگر حکومت پاکستان نے امریکا کے خلاف جرات مندانہ اقدام کئے تو طلباء برادری اور پوری قوم حکومت کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔
شرکائے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے طلباء رہنماؤں کا کہنا تھا کہ تیونس سے شروع ہونے والی عوامی بیداری کی تحریک اب مشرق وسطیٰ اور افریقائی ممالک سمیت دنیا کے گوش و کنار میں پھیل رہی ہے، دشمنان اسلام و مسلم امہ نے اسلام محمدی ص کو دبانے کی جو سازش کی تھی وہ عملی طور پر ناکام ہوئی ہے اور اسلامی انقلاب سرحدوں تک محدود نہیں رہا بلکہ دنیا کے گوش و کنار میں نمو دار ہو رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تیونس میں عوامی انقلاب ہو یا مصر میں امریکی ایجنٹ غاصب نامبارک کے غاصبانہ تسلط کا خاتمہ، لیبیا میں صہیونی ایجنٹ قذافی کے خلاف عوامی تحریک ہو یا بحرین میں حماد بن عیسیٰ جیسے امریکی نمک خوار کے خلاف عوام کا قیام ، یہ سب اسلام کے ثمرات ہیں اور عوامی بیداری کی تحریک کا نتیجہ ہے جس نے لوگوں کے دل و دماغ سے امریکی غاصبانہ تسلط کے خلاف قیام کی راہ ہموار کی ہے اور اب انقلاب کی یہی بازگشت یونان، اور یورپی ممالک میں بھی سنائی دے رہی ہے، انہوں نے مزید کہا کہ حزب اللہ کی کامیاب مقاومت ہو یا حماس کی عظیم جدوجہد ہو، آج امت مسلمہ حقیقی اسلامی نظام کی طرف بڑھ رہی ہے اور امریکا کی جانب سے صہیونی تحفظ کے لئے بنائی گئی خود ساختہ دیوار کو نابود کرنے کی طرف گامزن ہے، دنیا بھر کے مسلمان آزادی کی جانب گامزن ہو چکے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 57038

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/57038/مسلم-ممالک-میں-پیدا-ہونے-والی-اسلامی-بیداری-امریکا-اور-اسرائیل-سے-نفرت-کا-واضح-ثبوت-ہے-طلبہ-طالبات-جامعہ-کراچی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org