QR CodeQR Code

پنجاب میں دہشت گردوں کے مالی معاونین کے خلاف فوری رینجرز آپریشن شروع کیا جائے، ڈاکٹر زبیر خان

26 Sep 2016 19:27

اسلام ٹائمز: ملتان میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عوامی تحریک جنوبی پنجاب کے رہنما کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے مالی معاونین کے سب سے زیادہ اکائونٹ پنجاب میں ملے ہیں، نام بدل کر کام کرنے والی دہشت گرد تنظیموں کو فوری بین کیا جائے تاکہ دہشت گردی کا خاتمہ ممکن ہوسکے۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان عوامی تحریک جنوبی پنجاب کے سینئر نائب صدر ڈاکٹر زبیر اے خان نے کہا ہے کہ سٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے دہشت گردوں کے مالی معاونین اور سہولت کاروں کے سب سے زیادہ اکاونٹ پنجاب میں بند کئے گئے جس سے ثابت ہوتا ہے کہ پنجاب میں دہشت گردوں کے سہولت کار اور نرسریاں موجود ہیں۔ یہ بات ڈاکٹر طاہر القادری نے بہت پہلے بتا دی تھی کہ پنجاب میں آپریشن کئے بغیر ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ ممکن نہیں۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا تھا کہ موجودہ حکمران دہشت گردوں کے سب سے بڑے سہولت کار ہیں، اور بعض وزراء دہشت گرد تنظیموں کی سرپرستی کرتے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پنجاب میں دہشت گردوں کے مالی معاونین اکائونٹ ہولڈرز کے خلاف فوری رینجرز آپریشن شروع کرکے انہیں بے نقاب کیا جائے۔ ملتان میں پاکستان عوامی تحریک کے عہدیداران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر زبیراے خان نے کہا کہ نام بدل کر کام کرنے والی دہشت گرد تنظیموں کے نیٹ ورک کو ختم کرنا بھی بہت ضروری ہے۔ کالعدم تنظیموں نے نام بدل کر بھی وہی کام کرنا ہے جو کالعدم تنظیم کے نام سے کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرا لقادری عالمی سطح پر دہشت گردی کے خلاف نظریاتی جنگ لڑ رہے ہیں اور یہ جنگ اس وقت تک جاری رہے گی جب تک دہشت گردی کاخاتمہ نہیں ہو جاتا۔ انہوں نے کہا کہ بعض لوگ اپنے سیاسی فائدے کیلئے پوری قوم اور نسلوں کو دہشت گردی کی آگ میں جھونک دیتے ہیں۔ سانحہ ماڈل ٹائون میں دہشت گردی کرنے والوں کے خلاف بھی آپریشن جلد کیا جائے۔


خبر کا کوڈ: 570493

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/570493/پنجاب-میں-دہشت-گردوں-کے-مالی-معاونین-خلاف-فوری-رینجرز-آپریشن-شروع-کیا-جائے-ڈاکٹر-زبیر-خان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org