QR CodeQR Code

کلبھوشن معاملے پرایران کیخلاف منفی پراپیگنڈہ کیا گیا

پاکستانی میڈیا کے بعض حصے نے ایرانی صدر کے دورہ اسلام آباد کے دوران منفی کردار ادا کیا، مہدی ہنردوست

27 Sep 2016 20:42

اسلام ٹائمز: ایرانی نیوز ایجنسی ارنا کی اردو ویب سائٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں ایرانی سفیر کا کہنا تھا کہ ہم نے پاکستانی سرحد سے داخل ہونے والے چھ دہشت گردوں کو گرفتار کیا ہے۔ جن کے بارے میں تحقیقات جاری ہیں۔ دہشت گردوں کو پکڑ کر شکایت کی نہ ہی ایرانی میڈیا نے شورو غل مچایا، پاکستان سے دیرینہ دوستی کی وجہ سے شکایت نہیں کرتے۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان میں تعینات ایرانی سفیر مہدی ہنر دوست نے کہا ہے کہ پاکستان اور ایران کے درمیان تعلقات ماضی کی نسبت اب بہت مضبوط ہیں، بھارتی ایجنٹ کلبھوشن یادیو کے معاملے پر ایران پر غلط الزام لگا تھا، بھارت کو کہتے ہیں کہ وہ خطے میں کشیدگی کم کرنے کیلئے صبر و تحمل کا مظاہرہ کرے۔ نیشنل پریس کلب میں ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ایرنا کی اردو ویب سائٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایرانی سفیر نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان آئی ٹی، توانائی اور دیگر اہم منصوبوں پر کام جاری ہے۔ ایرانی گیس سے پاکستان کی صنعتوں کی صورتحال بہتر ہوگی، بجلی کی فراہمی سے توانائی کے بحران کے خاتمے میں مدد ملی گی اور ملک میں خوشحالی آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاک ایران تعلقات اب پہلے کی نسبت اچھے ہیں، تعلقات وقت کیساتھ ساتھ مزید مستحکم ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاک بھارت کے درمیان کشیدگی کو کم کرنا چاہئے، بھارت کو کہتے ہیں کہ صبر اور تحمل کا مظاہرہ کرے، ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں بھارتی را کے ایجنٹ کلبھوش یادیو کے معاملے پر ایران پر بدنما دھبہ لگا تھا، تحقیقات کے بعد معلوم ہوا کہ اس میں ایران کی کوئی مداخلت نہیں تھی۔

ایرانی سفیر نے کہا کہ ہم نے پاکستانی سرحد سے داخل ہونے والے چھ دہشت گردوں کو گرفتار کیا ہے، جن کے بارے میں تحقیقات جاری ہیں۔ دہشت گردوں کو پکڑ کر شکایت کی نہ ہی ایرانی میڈیا نے شورو غل مچایا۔ پاکستان سے دیرینہ دوستی کی وجہ سے شکایت نہیں کرتے۔ مہدی ہنردوست نے اس بات کا بھی شکوہ کیا کہ ایرانی صدر حسن روحانی کے دورہ پاکستان کے دوران پاکستانی میڈیا میں منفی پروپیگنڈا کیا گیا، پاکستانی اخبارات میں ایران مخالف آرٹیکل بھی بڑی تعداد میں چھپے۔ انہوں نے کہا کہ ہر مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ کھڑے ہوئے۔ اس موقع پر قائم مقام صدر این پی سی نوید اکبر، سیکرٹری عمران یعقوب ڈھلون اور ایرنا کے بیورو چیف محمد رضا منافی نے بھی خطاب کیا۔ محمد رضا منافی نے ایرنا کی اردو سروس کے قیام اور اس کی افادیت پر تفصیلی بریفنگ دی۔ نیشنل پریس کلب کی طرف سے ایرانی سفیر کو اعزازی رکنیت دینے کا بھی اعلان کیا گیا، جس پر سفیر نے نیشنل پریس کلب سے تشکر کا اظہار کیا۔


خبر کا کوڈ: 570853

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/570853/پاکستانی-میڈیا-کے-بعض-حصے-نے-ایرانی-صدر-دورہ-اسلام-آباد-دوران-منفی-کردار-ادا-کیا-مہدی-ہنردوست

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org